گنیش کے اسکول کی پرنسپل اورکلرک سمیت مزید 3 گرفتار

پٹنہ 04 جون (اسٹاف رپورٹر): انٹر ٹاپرگھوٹالہ 2017 کے ملزم گنیش کمار کو دوبارہ میٹرک کا امتحان پاس کرانے والے سنجے گاندھی ہائی اسکول لکشمی نگر، شیواجی نگر کی پرنسپل دیو کماری دیوی ،سابق سکریٹری رام کمار اور کلرک گوتم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ یہ تینوں شوہر ،بیوی اور بیٹا ہیں۔ شوہر کی گرفتاری شیواجی نگر سے تو ماں اور بیٹے کو روجر گاؤں سے گرفتار کیا گیا۔ اس سے قبل پولس نے اسکول کا تالا کھلوا کر کئی دستاویزات بھی ضبط کئے۔ اس معاملے میں یہ تیسری گرفتاری ہے۔ سب سے پہلے گنیش کمار کی گرفتاری ہوئی تھی۔ اس کے بعد سنجے کی اور اب یہ تینوں گرفتار کئے گئے ہیں۔ اس طرح اس معاملے میں گرفتار ہونے والوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔ گریڈیہہ کے رہنے والے گنیش نے عمر چھپانے کی شروعات سمستی پور کے روسڑا سب ڈویژن کے تحت شیواجی نگر بلاک کے لکشمنیا میں واقع سنجے گاندھی ہائی اسکول سے کی تھی۔ یہیں سے 2015 میں اس نے میٹرک کا امتحان دوبارہ پاس کیا۔ یہاں اس کا داخلہ روسڑا کے سنجے نے کروایا تھا۔ اپنے سیلف اٹسٹیڈ دستاویز میں سنجے نے خود کو گنیش کا گارجین بتاتے ہوئے اس کا یوم پیدائش 2 جون 1993 درج کرایا تھا۔سنجے نام کے جس شخص نے گنیش کا داخلہ کرایا تھا وہ پٹنہ میں رہ کر ایجوکیشن مافیا بن چکاہے اور پٹنہ ہی سے پورے بہار میں اپنا نیٹ ورک چلاتا تھا۔ گرفتاری کے بعد سنجے نے پٹنہ پولس کے سامنے کئی راز کھولے ہیں۔ اس کے بعد ہی سنجے گاندھی ہائی اسکول کی پرنسپل ،کلرک اور سابق سکریٹری کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔