گورنر نے راج بھون میں منعقد ’صحت جانچ کیمپ‘ کا افتتاح کیا

پٹنہ، 31 جولائی (طارق حسن)۔ آج زندگی کی روز روز کی بھاگ دوڑ اور کئی طرح کی کشیدگیوں سے نمٹنے کے لئے جسم کا صحت مند رہنا بہت ضروری ہے۔ صحت کے تئیں بے احتیاطی سے زندگی میں کئی طرح کے مسائل پیدا ہو جاتے ہیں۔ لہٰذا باقاعدہ طور پر صحت جانچ کراتے رہنا چاہئے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار گورنر رام ناتھ کووند نے راج بھون کے راجندر منڈپم میں انڈین ریڈکراس سوسائٹی بہار ریاستی شاخ کے زیراہتمام میں منعقد میڈیکل جانچ کیمپ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ گورنر نے کہا کہ صحت جانچ کے دوران مختلف طرح کی بیماریوں کا پتہ چل جاتا ہے، جن کا وقت سے علاج ہو جانے پر مریض کو تو مرض سے نجات ملتی ہی ہے، اس کا گھر خاندان بھی زیادہ پریشانی سے بچ جاتا ہے۔ گورنر نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی باقاعدہ صحت جانچ بھی ضروری ہے تاکہ کام کے تئیں ان کی سرگرمی، قوت اور اخلاص بنا رہے۔ گورنر نے ریڈکراس کو دیہی غریب بستیوں میں بھی صحت جانچ کیمپ منعقد کرانے کا مشورہ دیا۔ گورنر نے کہا کہ راج بھون کے احاطے میں بھی ایسے صحت کیمپ سال میں کم از کم دو بار ضرور منعقد ہونے چاہئیں۔ افتتاحی پروگرام کے بعد گورنر کووند اور لیڈی گورنر سویتا کووند نے صحت کیمپ کا معائنہ کیا، مختلف کاؤنٹروں کو دیکھا اور خون عطیہ دہندگان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کی تعریف کی۔ کیمپ میں تقریباً 550 سے بھی زیادہ راج بھون کے اہلکاروں اور ان کے خاندانی ارکان اور دیگر افراد کی صحت جانچ کی گئی۔ کیمپ میں 25 افراد نے خون کا عطیہ بھی کیا۔ پروگرام میں استقبالیہ تقریر انڈین ریڈکراس سوسائٹی کے ڈائریکٹر آر بی پی یادو نے اور شکریہ راج بھون کے ڈاکٹر پی کے ورما نے کیا۔ اس موقع پر گورنر کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر ای ایل ایس این بالا پرساد، ڈاکٹر ڈی کے سریواستو، ڈا کٹر آر این سنگھ، ڈاکٹر اے اے حئی، ڈاکٹر وجے متل، ڈاکٹر ایس کے دڈوانیا وغیرہ بھی موجود تھے۔