گوپی چند ہی میرے لئے بہترین کوچ : سندھو

نئی دہلی،25اگست(یواین آئی)آئندہ اولمپک کھیلوں کی بہتر تیاریوں کے لئے غیر ملکی کوچ مہیا کرانے کے ایک وزیر کے بیان پر نقرئی تمغہ جیتنے والی بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو نے کہا ہے کہ پلیلا گوپی چند ہی ان کے بہترین کوچ ہیں۔اولمپک میں نقرئی تمغہ جیت کر لوٹیں ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو نے کہا کہ وہ اس معاملے میں زیادہ بات کرنا نہیں چاہتی ہیں لیکن انہوں نے صاف کہا ہے کہ گوپی چند ان کے لئے بہترین کوچ ہیں اور انہیں کسی اوریا غیر ملکی کوچ کی ضرورت نہیں ہے ۔سندھو نے ایک چینل کو دئے اپنے انٹر ویو میں کہامیرے لئے گوپی چند ہی بہترین کوچ ہیں اور وزیر نے جو بھی کہا اس پر میں کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتی ۔”دراصل تلنگانہ کے نائب وزیر اعلی محمود علی نے سندھو کے اعزاز میں ہوئی ایک تقریب میں سندھو کو اور اچھا کوچ دلانے کی بات کی تھی تاکہ وہ آئندہ اولمپک میں طلائی تمغہ جیت سکیں۔سندھو نے فائنل میں اسپین کی کیرولینا مارین سے ہارنے کے بعد نقرئی تمغہ جیتاتھا۔انہوں نے کہا مسلسل جشن منا یا جارہا ہے اور میں آندھرا پردیش اور تلنگانہ حکومت کا شکریہ اداکرنا چاہتی ہوں۔”حالانکہ قومی بیڈمنٹن کوچ گوپی چند نے زور دیا ہے کہ اگر ملک کو زیادہ تمغہ چاہیے تو نظام کو بہتر بنانا ہوگا۔گوپی چند نے کہا کہ ہمارے یہاں نظام بہتربنانے کی بے حد ضرورت ہے اگر ملک کو تمغے چاہیے توبنیادی ڈھانچہ کو بدلنا ہوگا۔