ہماچل میں بس ندی میں گری، 45 افراد کی موت

شملہ، 19 اپریل (ایجنسی) ہماچل پردیش میں شملہ ضلع کے چوپال کے نزدیک آج ایک بس کے ٹونس ندی میں گرجانے سے 45 افراد کی موت ہو گئی۔ سرمور کے ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ ونود دھیمان نے بتایا کہ اب تک 45 لاشیں نکالی جا چکے ہیں۔بس اتراکھنڈ کے وکاس نگر سے 54 مسافروں کو لے کر چوپال کے تیونی جا رہی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ دو سے تین لوگوں کے ڈوب جانے کا اندیشہ ہے۔ ہماچل پردیش کے گورنر آچاریہ دیوورت اور وزیر اعلی ویر بھدر سنگھ نے حادثہ پر افسوس ظاہر کیا ہے۔گورنر نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ وہ مرنے والوں کی روح کو سکون کے لئے دعا کرتے ہیں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ وزیر اعلی نے بھی شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ مرنے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کے جلد صحت مند ہونے کی دعا کی۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ کو مرنے والوں کے کنبوں اور زخمیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرانے کی ہدایت دی۔