ہندوستان فائنل کی شکست سے سبق لے گا: وراٹ

لندن، 19 جون (یو این آئی) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف پاکستان کے ہاتھوں 180 رنوں کی شکستِ فاش کے بعد ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے کہا کہ فائنل ہارنا انتہائی مایوس کن ہے اور ہندوستان اس ہار سے سبق لے گا۔پاکستان نے اوپنر فخر الزمان (114) کی شاندار سنچری اور تیز گیند باز محمد عامر (16 رن پر تین وکٹ) کے طوفانی اسپیل کی بدولت ہندوستان کو اتوار کو 180 رن سے شکست دے کر پہلی بار آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا خطاب جیت لیا۔وراٹ نے پریس کانفرنس میں کہا ”پاکستانی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور میچ جیت لیا۔ ان کی شاندار گیند بازی نے ہمیں غلطیاں کرنے پر مجبور کیا۔ مخالف ٹیم نے میدان میں دباؤ پر اچھے طریقے سے قابو پایا۔ ہمیں یہ قبول کرنے میں کوئی شرم نہیں ہے کہ ہم نے اپنی بہترین کرکٹ نہیں کھیلی۔ فائنل کی شکست بہت بڑی شکست ہے اور ہندوستان اس سے سبق لے گا”۔پاکستان پہلی بار چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں کھیل رہا تھا اور اس نے فخر الزماں کی شاندار سنچری سے 50 اوور میں چار وکٹ پر 338 رن کا بڑا اسکور بنانے کے بعد ٹیم انڈیا کی مضبوط بلے بازی کی 30.3 اوور میں 158 رن پر کمر توڑ دی۔وراٹ نے کہا ”کھیل کے آغاز میں وکٹ صحیح نہیں لگ رہی تھی، خاص طور پر ہدف کا تعاقب کرتے وقت۔ اگر ہم شروع میں وکٹ نہیں گنواتے اور ایک بڑی شراکت داری کرتے تو میچ کا نتیجہ کچھ اور ہوتا۔ لیکن جیسا کہ میں نے پہلے ہی کہاکہ جیت کا پورا کریڈٹ مخالف ٹیم کو جاتا ہے جنہوں نے کھیل کے تینوں شعبہ میں ہمیں شکست دی”۔وراٹ نے 43 گیندوں میں 76 رن بنانے والے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کی تعریف کرتے ہوئے کہا ” ہاردک کے علاوہ ہم میں سے کوئی بھی زیادہ رن نہیں بناسکا۔ ان کی اننگز شاندار تھی۔ انہوں نے غضب کی ہمت دکھائی اور کسی ایک بلے باز کو ان کا ساتھ دینا چاہیے تھا”۔عالمی نمبر ایک، ون ڈے بلے باز نے کہا کہ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ ٹیم اس شکست سے سبق حاصل کریں۔ انہوں نے کہا ”جب آپ کھیلتے ہیں تو آپ کو ہر کرکٹ میچ کے ساتھ کچھ نہ کچھ سیکھنے کو ملتا ہے ۔ یہ ایک فائنل مقابلہ تھا۔ لیکن ہم جیتے یا ہارے ، ہم نے سبھی میچوں سے سبق لیا ہے اور اس ہار سے بھی سبق لیں گے ”۔