ہندوستان کی حوصلہ افزائی کرنے کیلئے ہر میچ دیکھنے جاؤں گا : مالیا

لندن، 6؍جون (آئی این ایس انڈیا )بھگوڑے ہندوستانی صنعتکار وجے مالیا اتوار کو برطانیہ میں ہوئے ہندوستان -پاکستان کرکٹ میچ کے دوران اسٹیڈیم کے اندر نظر آئے تھے۔اسٹیڈیم میں ان کی موجودگی گزشتہ 2دنوں سے بحث میں ہے۔اب مالیا نے اپنی موجودگی کو مل رہی میڈیا کوریج کو سنسنی خیزقرار دیتے ہوئے اس کے بارے میں ایک ٹوئٹ کیا ہے۔مالیا نے لکھا ہے کہ وہ چمپئنز ٹرافی کے تمام میچوں میں جاکر ہندوستانی ٹیم کوچیئر کرنے کی سوچ رہے ہیں۔میچ کے دوران مالیا کو وی آئی پی سیکشن میں بیٹھ کر ہندوستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا، اس کے بعد مالیا کو سابق ہندوستانی کھلاڑی سنیل گواسکر کے ساتھ دیکھے جانے کا دعوی بھی گیا تھا، دونوں کی تصاویر پیر کو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی تھیں ۔مالیا نے میچ کے دوران اپنی موجودگی کو ملی میڈیا کوریج پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا، ہندوستان -پاکستان میچ میں میری موجودگی پر سنسنی خیز میڈیا کوریج، میں تو سبھی میچوں میں جاکر انڈین ٹیم کے لیے چیئر کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔