یوپی حکومت ہر طبقہ کی بہبود کیلئے کام کررہی ہے : اکھلیش

لکھنؤ 24 اگست (ایجنسی): اترپردیش کے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے آج ودھان سبھا میں کہا کہ سماج وادی حکومت نے پرائمری اسکولوں ، حوصلہ مہم، لوہیا دیہی رہائش اسکیم، سڑکوں، بجلی کاری کو فروغ دینے اور ریاست کی ترقی کی غرض سے یہ ضمنی بجٹ پیش کیا ہے۔ موجودہ ریاستی حکومت سبھی طبقوں کی بہبود کیلئے کام کررہی ہے۔ انہوں نے ریاست میں امن وقانون کی صورت حال درست نہ ہونے کے حزب اختلاف کے الزام کو بے بنیاد قرار دیا۔ مسٹر یادو نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ریاست کے کسانوں کو زالہ باری سے ہوئے نقصانات کا مناسب معاوضہ نہیں دلایا۔ وہیں ریاستی حکومت نے کسانوں کو راحت پہنچانے کاکام کیا ہے۔ گذشتہ سال کے دوران بے موسم بارش اور خشک سالی کی وجہ سے کسانوں پر مصیبت آئی۔ مرکز سے ٹیم آئی، تخمینہ لگایا اور رپورٹ بھی پیش کی لیکن رقم نہیں دی۔ ریاستی حکومت کی جانب سے ضمنی بجٹ میں سال 2015 کی زالہ باری سیمتاثر کسانوں کیلئے دو ہزار کروڑ روپئے کا بندوبست کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ضمنی بجٹ کے جواز کا جواب دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ سماج وادی پوروانچل ایکسپریس۔ وے کی تعمیر کیلئے بھی بجٹ میں بندوبست کیا گیا ہے۔ پوروانچل کی پسماندگی دور کرنے کی خاطر ریاستی حکومت یہ ایکسپریس وے تعمیر کرارہی ہے۔ اس ضمنی بجٹ میں 1300 کروڑ روپئے کی رقم کی تجویز اس پروجیکٹ کیلئے شامل کی گئی ہے۔ مسٹر یادو نے کہا کہ سڑک پر مظاہرہ کرکے عوامی زندگی کو متاثر کرنے والے افراد عوام کو پریشان دیکھنا چاہتے ہیں تبھی وہ سڑک پر ٹریفک میں خلل اندازی پیدا کررہے تھے۔ اگر انہیں ریاست کے عوام کی فکر ہے تو انہیں دلی میں مظاہرہ کرکے حکومت ہند کی سطح پر زیر التوا ریاست کے ہزاروں کروڑ روپئے کے پروجیکٹوں کی رقم جاری کرنے کی کوشش کرنی چاہئے کیونکہ وہاں ان کی سرکار برسراقتدار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام ایک بار پھر سماج وادی حکومت کو موقع دیں گے ۔ قابل ذکر ہے کہ ودھان سبھا میں آج ضمنی بجٹ صوتی ووٹ سے منظور ہوگیا۔