یوپی میں تہواروں کے پیش نظر خصوصی چوکسی کا حکم

لکھنؤ 30 ستمبر (ایجنسی): وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے نوراتر ،درگا پوجا ،دسہرہ اور محرم جیسے تہواروں کے پیش نظر پولس اور انتظامیہ کے افسران کو چوکس رہنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بھیڑ بھاڑ والے علاقوں اور میلوں ٹھیلوں پر خاص نظر رکھی جائے اور سیکوریٹی کا سخت انتظامات کئے جائیں۔ یہ اطلاع دیتے ہوئے ریاستی حکومت کے ترجمان آج بتایا کہ وزیراعلیٰ نے ملک میں پائی جارہی موجودہ کشیدگی کے پیش نظر افسران سے ضروری فیڈ بیک لینے اور ریاست میں نظم ونسق کی تازہ ترین صورتحال جاننے کیلئے اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران یہ حکم دیا۔ انہوں نے خفیہ ایجنسی کو اور زیادہ چوکسی برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے متعلق سبھی اداروں میں آپسی رابطہ ہونا چاہئے اور پوری ریاست میں چوکسی ہونی چاہئے۔ انہوں نے اہم اداروں اور عمارتوں کی سیکوریٹی پربھی سخت نظر رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ افواہ پھیلانے والوں پر بھی دھیان دیا جائے اور بروقت ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔