یوگیندر یادو نے نئی سیاسی پارٹی کا اعلان کیا

نئی دہلی، 02 اکتوبر (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (آپ)سے الگ ہوئے یوگیندر یادو اور پرشانت بھوشن گروپ نے ‘سوراج انڈیا’کے نام کی نئی سیاسی پارٹی بنانے کا آج اعلان کیا ہے ۔ مسٹر یادو نے یہاں اس کا اعلان کرتے ہوئے آپ پر جم کر حملہ کیا اور آئندہ سال ہونے والے دہلی میونسپل کارپوریشنز کے انتخابات میں بھی حصہ لینے کا اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ ملک کو ایک مضبوط سیاسی متبادل کی ضرورت ہے ۔ آپ پر سختی سے حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو پارٹی بیماری کو ٹھیک کرنے کے لئے سیاست میں آئی تھی آج وہ پارٹی خود سب سے بڑی بیماری کی شکار ہے ۔ آپ نے ملک کے کروڑوں لوگوں کے اعتماد کے ساتھ دھوکہ کیا ہے ۔ سیاست میں ایک نئے آپشن کی ضرورت کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر یادو نے کہا کہ یہ کوئی آسان کام نہیں ہے ۔ لیکن آج بھی ملک اور نوجوانوں میں جذبہ ہے ۔ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران بڑی تعداد میں نوجوان سوراج انڈیا سے جڑے ہوئے ہیں۔سوراج انڈیا کے قاعدے قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی میں معلومات کا حق ہوگا، اندرونی جمہوریت ہوگی اور مختلف رائے اور سمجھ رکھنے والوں کے خلاف بھی کاروائی نہیں کی جائے گی۔ سیاسی جماعتوں کو ٹکٹ تقسیم کرنے کی دکان بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے درمیان جاکر امیدواروں کا انتخاب کریں گے ۔ہمیں ٹکٹ تقسیم کرنے کی دوکان بند کرنی ہے اور دوسروں کی بھی بند کروانی ہے ۔