یوگی حکومت نے بھی لال اور نیلی بتی ختم کرنے کا فیصلہ کیا

لکھنؤ، 21 اپریل (یو این آئی) اتر پردیش کی حکومت نے وی آئی پی کلچر کو ختم کرنے کے مقصد سے ریاست میں لال اور نیلے رنگ کی بتیوں کے استعمال کو مکمل طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سرکاری ترجمان کے مطابق کل دیر رات کو وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی صدارت میں کابینہ کے ارکان کی میٹنگ میں وی آئی پی کلچر کو ختم کرنے کے مقصد سے ریاست میں لال اور نیلے رنگ کی بتیوں کے استعمال کو مکمل طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ لال اور نیلے رنگ کی بتیوں کے استعمال کو ختم کرنے کا فیصلہ فوری طورپر لاگو کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ ایمرجنسی خدمات جیسے فائر بریگیڈ، ایمبولینس، آرمی اور پولس گاڑیوں پر نافذ نہیں ہو گا۔ اس کے ساتھ ہی، وی آئی پی لوگوں کی سکیورٹی پر تعینات سپاہیوں کی تعداد کو بھی کم کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ لال اور نیلے رنگ کی بتی ہٹا کر وی آئی پی کلچر کو ختم کرنے کی وزیر اعظم نریندر مودی کی پہل پر وزیر اعلی نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی طرف سے کیا گیا یہ ایک بڑا فیصلہ ہے ، جس سے ملک میں وی آئی پی کلچر ختم ہوگی اور عام لوگوں کو راحت و سہولت ملے گی۔ واضح ر ہے کہ مرکزی حکومت نے ہر طرح کی وی آئی پی گاڑیوں میں لال بتی کا استعمال آئندہ یکم مئی سے بند کرنے فیصلہ کیا ہے ۔