یو پی اے حکومت نے مودی حکومت سے زیادہ کالا دھن پکڑا: جے رام رمیش

نئی دہلی، 16 مارچ (یو این آئی) کانگریس نے آج راجیہ سبھا میں کہا کہ یو پی اے حکومت نے اپنے دور کے آخری دو برسوں میں مودی حکومت سے کہیں زیادہ کالا دھن پکڑا تھا لیکن موجودہ حکوتم نے اپنی کامیابی کا زیادہ پروپیگنڈہ کرکے لوگوں کو یہ پیغام دیا کہ کالے دھن کی روک تھام کے سلسلے میں اس نے زیادہ کارروائی کی ہے ۔کانگریس کے جے رام رمیش نے ایوان میں بجٹ پر پہلے سے جاری بحث کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے مودی حکومت کی اس بات کے لئے بھی سخت نکتہ چینی کی کہ سپریم کورٹ کے تین تین احکامات کے باوجود آدھار کو مڈڈے میل اور اسکالرشپ سمیت حکومت کی تمام فلاحی اسکیموں میں لازمی بنارہی ہے ۔مسٹر رمیش نے کہا کہ مودی حکومت نے 26مئی 2014 سے آٹھ نومبر 2016 تک ایک لاکھ 25 ہزار کروڑ روپے کالا دھن پکڑ اجب کہ کانگریس نے اپنے آخر ی دو سال میں ایک لاکھ 31 ہزار کروڑ روپے کالا دھن پکڑا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے اس وقت کے وزیر مملکت برائے خزانہ جینت سنہا نے 28نومبر 2014 کو پارلیمنٹ میں دئے گئے ایک تحریری بیان میں یہ جانکاری خود دی تھی۔