اردو | हिन्दी | English
181 Views
Uncategorized

ایکواڈور میں ہولناک زلزلہ، بڑے پیمانے پر جانی، مالی نقصان

earthquake
Written by Taasir Newspaper

ایکوڈور،17 اپریل(پی ایس آئی) لاطینی امریکا کے ملک ایکواڈور کے ساحلی میں علاقے شدید زلزلہ آیا ہے۔ ریختر سکیل پر اس کی شدت 7.8 کی ریکارڈ کی گئی ہے۔ بڑے پیمانے پر عمارتیں منہدم ہوئی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے میں اکتالیس افراد ہلاک ہوئے، لیکن اس تعداد میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔زلزلے کا مرکز موزین شہر کے آس پاس کا علاقہ تھا جس سے 160 کلومیٹر دور دارالحکومت کیوٹو میں بھی عمارتیں ہل گئیں۔ چھ صوبوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے نیشنل گارڈز کو متحرک کر دیا گیا ہے۔امدادی کارکن، پولیس اور فوج کے اہلکار ملبے تلے دبے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو زندہ بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دارالحکومت میں عمارتوں کو جب جھٹکے پر جھٹکے لگنے شروع ہوئے تو لوگ گھبراہٹ میں گھر سے باہر نکلنے لگے۔ حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔کیوٹو کی ایک رہائشی زولیا ویلینا نے امریکی خبر رساں ایجنسی کو بتایا’میں اب بھی گھبرائی ہوئی ہوں۔ میری عمارت بہت دیر تک ہلتی رہی اور بہت سی چیزیں فرش پر گر گئیں۔ بہت سے پڑوسی چیخ رہے تھے اور بچے رو رہے تھے۔‘زلزلے کے سبب شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ اس زلزلے سے گوایاکل نامی شہر میں ایک فلائی اوور تباہ ہوگیا ہے جبکہ کئی علاقوں میں عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔دی پیسیفک سونامی وارنگ سینٹر نے خبردار کیا ہے کہ ساحلی علاقوں میں 300 کلومیٹر کے اندر تک خطرناک قسم کی لہریں اٹھنے کا خدشہ ہے۔

About the author

Taasir Newspaper