آنگن باڑی مراکز کے بچوں کی بہتر پرورش کیلئے حکومت پابند عہد:رگھوورداس

رانچی 30 اپریل (معیز الدین خان): وزیر اعلیٰ رگھوور داس نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت ریاست کے آنگن باڑی مراکز میں آنے والے بچوں کی بہتر پرورش کیلئے صاف ستھرے ماحول اور متوازن غذا دینے کیلئے پابند عہد ہے۔ ریاست کے دورافتادا علاقوں میں بھی بچوں کو صحیح غذا ملے اس کیلئے آنگن باڑی مراکز میں انڈا یا پھل دینے کی شروعات حکومت کرنے جارہی ہے۔ دو مئی سے ریاست کے تین ضلعوں رانچی، دمکا اور مشرقی سنگھ بھوم میں انڈا یا پھل دینے کی شروعات ہوجائے گی۔ وزیراعلیٰ جمشید پور ضلع کے سدگوڑا واقع برسا منڈا نگر بھون میں اکھل بھارتیہ آنگن باڑی کرمچاری مہاسنگھ کے ساتویں قومی کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مالی سال 2016-17 میں ریاست کی سبھی آنگن باڑی سہائیکاؤں کو سائیکل دی جائے گی۔ سہائیکا کو 700 روپئے اور سیویکا کو 350 روپئے کی اضافی رقم اپریل ماہ سے لاگو ہوچکی ہے۔ نقص تغذیہ سے نپٹنے کیلئے حکومت پابند عہد ہے۔ حکومت آنگن باڑی مراکز سے متعلق مسائل سے واقف ہے اور بلاتاخیر انہیں دور کیا جائے گا۔انہوں نے جھارکھنڈ کی سبھی آنگن باڑی سیویکاؤں اور سہائیکاؤں سے وزیر اعظم جیون جیوتی بیمہ منصوبہ کے تحت بیمہ کرانے کی گذارش کی اور کہا کہ سبھی آنگن باڑی سیویکا اور سہائیکا کیلئے پریمیم ریاستی حکومت برداشت کرے گی۔ وزیراعلیٰ رگھوور داس نے کہا کہ ریاست کی آنے والی نسل کی تعمیر نو میں آنگن باڑی سیویکا سہائیکاؤں کا کردار بہت ہی اہم ہے۔