مزدوروں کی فلاح کیلئے سماجوادی حکومت کے ذریعہ مختلف منصوبے جاری:اکھلیش یادو

لکھنؤ02 مئی (آفاق عالم): اترپردیش کے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے آج یوم مزدور کے سلسلے میں اپنے سرکاری رہائش گاہ پر منعقد پروگرام کے دوران مزدوروں کیلئے پنشن منصوبہ اور دس روپئے میں دوپہر کے کھانے کے منصوبہ( پائلٹ پروجیکٹ لکھنؤ)کا مبارک آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت مزدوروں کے مختلف مسائل کے حل کے تئیں نہایت سنجیدہ ہے۔ مزدوروں کو بین الاقوامی یوم مزدور کی مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گذشتہ چار سالوں کے دوران ریاستی حکومت کے ذریعہ ان کے حق میں کئی منصوبے لاگو کئے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے مزدوروں کی مدد کیلئے لاگو کئے گئے سائیکل منصوبہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کامگاروں کیلئے اپنے گھر سے کام کرنے کی جگہ تک آنے جانے کی سہولت مہیا کرانے کے نظریہ سے ہی انہیں مفت سائیکلیں دی جارہی ہیں۔ (باقی صفحہ 7 پر)
اس منصوبہ کا فائدہ بڑی تعداد میں مزدوروں کوملا ہے اور اب تک ریاست میں چار لاکھ سے زیادہ سائیکلوں کی تقسیم کی جاچکی ہے۔ جناب یادو نے اس موقع پر ایک ہزار مزدوروں میں تقسیم کی گئی سائیکلوں کے مستفیدین کے ایک ٹیم کو ہری جھنڈی دکھا کر پروگرام کی جگہ سے روانہ بھی کیا۔ مزدوروں کو خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کسی بھی ملک اور ریاست کی ترقی میں وہاں کے مزدوروں کا بہت بڑا تعاون ہوتا ہے۔ کیونکہ عظیم منصوبے جیسے میٹرو ریل منصوبہ ، آگرہ لکھنؤ ایکسپریس وے ،سی جی سیٹی ، بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم اور دیگر منصوبے محنت کشوں کی بنا پورے نہیں کئے جاسکتے ہیں۔ ان میں شروع سے لے کرآخر تک محنت کشوں کا اہم کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی اسی محنت کی قوت کا سماجوادی ہمیشہ سے عزت کرتے آئے ہیں۔ مسٹر یادو نے کہا کہ مزدوروں کی پریشانیوں کو دھیان میں رکھتے ہوئے ریاست کی سماجوادی حکومت کے ذریعہ محنت کشوں کو پنشن دینے کا منصوبہ کی شروعات کی جارہی ہے۔ اس کے تحت 60 سال کی عمر پوری کرچکے مستفیدین کو ایک ہزار روپئے ہر ماہ پنشن مہیا کرائی جائے گی۔