ملک میں تین سنسکرت یونورسٹیاں قائم کرے گی حکومت:اسمرتی ایرانی

نئی دہلی،3؍مئی (آئی این ایس انڈیا )فروغ انسانی وسائل کی مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے لوک سبھا میں کہا ہے کہ حکومت ملک میں تین نئی سنسکرت یونورسٹیاں قائم کرے گی۔ایرانی کے اس اعلان کے بعد قیاس لگایا جا رہا ہے کہ اس فیصلے سے تعلیم کے بھگوا کرن کو لے کر بحث چھڑ سکتی ہے۔لوک سبھا میں جمع کی گئی رپورٹ میں وزارت کی جانب سے کہا گیا کہ حکومت سنسکرت کی تین ڈیمڈ یونیورسٹیوں کوفنڈفراہم کرائے گی۔ان میں سے دو دہلی میں ہوں گی اور ایک تروپتی میں۔دہلی میں قومی سنسکرت انسٹی ٹیوٹ اورشری لال بہادرشاستری نیشنل سنسکرت ودیاپیٹھ ہوگی جبکہ تروپتی میں نیشنل سنسکرت ودیاپیٹھ ہوگی۔وزارت نے بتایا کہ 2015میں اس نے کمیٹی قائم کر کے ایک روڈ میپ تیار کیا ہے تاکہ سنسکرت زبان کو فروغ دیا جا سکے۔2014میں دوسرا سنسکرت کمیشن بیٹھایاگیا تھا جوکہ اپنے دور کے اندر رپورٹ نہیں دے پایا تھا ۔قابل غور ہے کہ وزارت کے سنسکرت کو فروغ دینے کے فیصلوں کی شدید تنقید ہوتی رہی ہے۔اپریل میں لوک سبھا کو بتایا گیا تھا سنسکرت ادب میں موجود سائنس اور ٹیکنالوجی کے مطالعہ کے لیے سنسکرت پڑھائی جائے۔اس سے پہلے یعنی گزشتہ سال جرمن کو تیسری زبان کے طور پر ہٹا کر سنسکرت کو لانے کا فیصلہ بھی تنقید کی زد میں آگیا تھا۔اس فیصلہ کو ملک کے تقریباََ500کیندریہ ودیالیہ میں نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم اسمرتی ایرانی سنسکرت کو لازمی کرنے کے مطالبہ کو مسترد کر چکی ہیں۔