اردو اساتذ ہ کی تقرری 30 جون تک :اکھلیش یادو

لکھنؤ 6 مئی( محمد آفاق)وزیراعلیٰ اکھلیش یادو کی ہدایت کے مطابق اترپردیش میں اردو اساتذہ کے خالی 1939 عہدوں پرتقرری کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔محکمہ بنیادی تعلیم کے ذریعہ جاری حکم نامہ میں سبھی اضلاع کے بی ایس اے کوتقرری کی کارروائی 23 جون تک پوراکرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق اگر سب کچھ ٹھیک ٹھاک رہاتو30 جون تک ان خالی عہدو ں پرتقرری کی کارروائی پوری کرتے ہوئے تقرر نامہ جاری کردیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ریاست میں سال 2013 میں 4 ہزار 280 اردو اساتذہ کی تقرری شروع کی گئی تھی ۔اس وقت دو کاؤنسلنگ کے بعدمعاملہ ہائی کورٹ میں چلے جانے کی وجہ سے 1939 عہدے خالی رہ گئے تھے ۔اب ان خالی عہدوں پرتقرری کیلئے ہو نے والی کاؤنسلنگ کی ضلع وار تاریخ کا اعلان عنقر یب ہی کردیا جائے گا۔اس میں عمر کی کو ئی قید نہیں ہوگی ۔یعنی سبکدو شی کی عمر تک والے امیدوار اس میں درخواست دے سکیں گے ۔