مدرسہ احمدیہ سلفیہ میں تعلیمی سال کے اختتام پرفارغین طلبہ و اساتذہ کی نشست منعقد

آرہ، 9مئی (پریس ریلیز)۔ مدرسہ احمدیہ سلفیہ، ملکی محلہ، آرہ کے تعلیمی سال کے اختتام پر طلبہ و اساتذۂ کرام کی ایک نشست منعقد ہوئی۔ جس میں مساعد ناظم انور علی آروی نے نصابی کتب سے مقدار خواندگی کا جائزہ لے کر اساتذۂ کرام کی محنتوں کوسراہتے ہوئے طلبہ سے خطاب فرمایا کہ آپ سبھی۱۵/فارغین طلبہ بڑے خوش نصیب ہیں کہ جامعہ سلفیہ (مرکزی دارالعلوم) بنارس سے آپ کا ادارہ ملحق ہے۔ اور آپ جامعہ سلفیہ بنارس کے سالانہ امتحان میں شرکت کے لیے جارہے ہیں۔ وہاں بھی محنت جاری رکھیں گے اور اساتذۂ کرام کی تعظیم، اراکین و ذمہ داران جامعہ کی تکریم کریں گے ، بڑوں کی تعظیم اور چھوٹوں پر شفقت کریں گے۔ موبائل اوردیگر ممنوعہ اشیاء لے کر امتحان ہال میں نہیں جائیں گے۔ موسم کا لحاظ رکھتے ہوئے اپنی ضروریات کا سامان اپنے ساتھ لے کر جائیں۔اللہ تعالیٰ آپ تمام طلبہ کو عالم باعمل بنائے۔نیز آپ نے فرمایا آپ طلبہ کی کامیابی ہمارے مدرسہ کے مخیر حضرات کی خوشی کا ذریعہ اراکین و ہمدردان مدرسہ کی شادمانی کا سبب اور اساتذۂ کرام کی فرحت و مسرت کا باعث بنے گی۔ان شاء اللہ محترم آروی نے شعبۂ حفظ کے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے فرمایاکہ بحمدللہ امسال ۱۹/طلبہ فارغ ہوئے۔ قرآن مجید اللہ کا کلام ہے۔ حفاظ قرآن اور ان کے والدین سر پرست حضرات ہماری طرف سے ہدیۂ تبریک کے مستحق ہیں کہ حفظ قرآن کے لیے اپنے بچوں کی ہمت افزائی کرتے رہے۔ ساتھ ہی شعبۂ حفظ کے اساتذہ کرام بھی ہماری طرف سے شکریہ کے مستحق ہیں۔ قرآن مجید یہ وہی اللہ کاکلام ہے، جس کے ذریعہ اللہ تعالیٰ عمل کرنے والوں کو بلند و بالا کرتا ہے، خیرِ کثیر سے نوازتا ہے، جو لوگ قرآن سے دور ہیں، قرآن پر ان کا عمل نہیں ہے، اللہ تعالیٰ انھیں پست اور ذلیل و خوار کرتا ہے۔ یہ قرآن مجید ذریعہ ہدایت ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن کی حفاظت کی ذمہ داری خود اپنے ذمہ لیا ہے اور اس قسم کے حفاظ قرآن کواللہ تعالیٰ قیامت تک پیدا کرتا رہے گا۔ آروی صاحب نے کہا کہ آپ طلبہ قوم و ملت کی امانت ہیں، اراکین و ہمدردان اور مخیر حضرات نے اپنا تعاون پیش کیا۔ اساتذہ نے دلجمعی اور خلوص و للہیت کے مدنظر آپ کی عمدہ تعلیم اور اسلامی تربیت فرمائی۔ اب آپ طلبہ کا سالانہ امتحان ۱۴/مئی ۲۰۱۶ء سے ہونے والا ہے، محنت جاری رکھیں تاکہ اچھے نمبرات سے کامیابی حاصل کرکے ترقئ درجات کے مستحق ہوں۔مساعدناظم نے فرمایا کہ مدرسہ احمدیہ سلفیہ، ملکی محلہ، آرہ، ضلع: بھوجپور بہار کے تعلیمی سال ۱۷۔۲۰۱۶ء میں جدید داخلہ کے تعلق سے شعبۂ حفظ و تجوید اور عربی جماعت اولیٰ متوسطہ سے درجات عا لمیت تک کے جدیدطلبہ کا امتحان داخلہ ۲۴/مئی ۲۰۱۶ء سے ۲۶/مئی۲۰۱۶ء تک جاری رہے گا۔ إن شاء اللہ۔دینی تعلیم سے شغف رکھنے والے دیندار گارجین اپنے بچوں کو دینی تعلیم سے آراستہ و پیراستہ کریں تاکہ دنیا و آخرت میں کامیابی نصیب ہو۔رسول اکرم ﷺ نے فرمایا:خیرکم من تعلم القرآن و علمہ تم میں سے بہتر وہ ہے جو قرآن سیکھے اور سیکھائے۔