پٹنہ کا ’وجئے مالیہ‘ پولس کی گرفت میں

پٹنہ 12 مئی (اسٹاف رپورٹر): راجدھانی پٹنہ کا’ وجئے مالیہ ‘پولس کی گرفت میں ہے۔ اس کے اوپر مختلف بینکوں کے کروڑوں روپئے بقایا ہیں۔ اس کا اصلی نام نکھل پریہ درشی ہے اور وہ پٹنہ کے بڑے تاجروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ نکھل بینکوں کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کو بھی چونا لگاتا رہا ہے۔ پریہ درشی موٹر کا مالک کروڑوں کا چونا لگا کرگذشتہ کچھ مہینوں سے فرار تھا۔ مہنگی گاڑیوں کا شوقین نکھل پریہ درشی نے بینکوں سے بھی کروڑوں روپئے لون لئے تھے۔ عام لوگوں سے پیسے لینے کے باوجود گاڑی مہیا نہیں کرائی تھی۔ نکھل پریہ درشی مہندرا اور فورڈ کے شو روم کا مالک ہے ، ایک کروڑ کی کار جگوار سمیت کئی مہنگی گاڑیوں کا مالک ہے۔ اس کے والد سبکدوش آئی اے ایس ہیں اور بہنوئی سی بی آئی کے ایس پی ہیں۔ اسٹیٹ بینک ڈاک بنگلہ چوراہا سے لیا گیا 36کروڑ روپئے کا قرض اب بھی باقی ہے۔ گاڑیوں کو ضبط کرنے کیلئے بینکوں نے ری کووری ایجنسی کو ٹاسک دے رکھا ہے لیکن اونچے اثر ورسوخ کے سبب ابھی تک ہاتھ نہیں لگ رہا تھا۔ دانا پور پولس نے اسے جعلسازی کے معاملے میں گرفتار کر کے جیل بھیجنے کی کارروائی شروع کی ہے۔