اسٹار کڈز کے لیے بالی ووڈ فیملی بزنس ہے

فلم ’راک آن‘ سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کرنے والی اداکارہ پراچی دیسائی کہتی ہیں کہ فلمی خاندان سے آنے والے نئے اداکاروں کے لیے بالی وڈ خاندانی کاروبار ہے۔ٹیلی ویڑن کے میدان سے بالی وڈ میں قدم رکھنے والی اداکارہ نے مزید کہا کہ ان جیسے باہر سے آنے والے لوگوں کے لیے بالی وڈ محض ایک موقع ہے۔بی بی سی سے خصوصی بات چیت میں پراچی دیسائی نے کہا: ’ان دنوں بہت سے نئے اداکار فلم انڈسٹری میں آ رہے ہیں جن میں سے بعض کا یہ خاندانی کاروبار ہے اور ان کے لیے بہت سے فلمی پراجیکٹس اس طرح تیار کیے جاتے ہیں جیسے پریوں کی کہانی ہو۔ اور ہم جیسے فلمی دنیا کے باہر کے لوگ اس کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔ ہمارے لیے یہاں آنا صرف ایک موقع ہے۔‘اپنی زیادہ تر فلموں میں سنجیدہ کردار نبھانے والی پراچی اب ایسے کرداروں سے بور گئی ہیں۔ وہ کہتی ہیں: ’میں اپنی شبیہ سے پریشان ہوں۔ اگر فلم کے کسی کردار میں آپ کو سراہا جائے تو فلم انڈسٹری اسی کردار کو بار بار دہرا کر اس کا استحصال کرتی ہے۔‘انھوں نے کہا کہ ’مخصوص شبیہ کے شکار میرے علاوہ ودیا بالن اور شاہ رخ خان بھی ہیں۔‘پراچی دیسائی نے ہالی وڈ کے بارے میں کہا کہ ’فی الحال ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ یہیں پر تیر مار لیں۔ ہالی وڈ جتنا آسان نظر آتا ہے اتنا آسان ہے نہیں۔ قسمت اور سمارٹنس کی بات ہے۔‘پراچی دیسائی اب اپنا پسند کا کردار ادا کرنا چاہتی ہیں۔ وہ چاہتی ہیں کہ فلم ساز انھیں نئی نسل کے فنکاروں جیسے رنبیر کپور اور آدتیہ رائے کپور کے ساتھ ان کی فلمی جوڑی بنائیں۔انڈیا کے سابق کرکٹ کپتان محمد اظہر الدین کی زندگی پر مبنی فلم ’اظہر‘ میں پراچی دیسائی نے ان کی پہلی بیوی ’نورین‘ کا کردار ادا کیا ہے۔ اس کردار کے بارے میں پراچی نے کہا: ’سنگیتا بجلان? کا کردار کوئی بھی کر سکتا تھا۔ لیکن نورین کا کردار صرف میں ہی کر سکتی تھی۔‘ٹونی ڈیسوزا کی ہدایت میں بننے والی فلم ’اظہر‘ میں محمد اظہر الدین کا کردار عمران ہاشمی ادا کر رہے ہیں جبکہ سنگیتا بجلانی کے کردار میں نرگس فخری ہیں۔