اسٹیل پلانٹ لگانے کیلئے مرکز سے جھارکھنڈ کو ہرممکن مدد:تومر

رانچی 15 جون (معیز الدین خان): وزیراعلیٰ رگھوور داس سے بدھ کو مرکزی وزیر اسپات نریندر سنگھ تومر نے پروجیکٹ بھون میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں جھارکھنڈ کی بند پڑے اسٹیل کارخانوں اور کانوں کو پھر سے زندہ کرنے کے ساتھ ہی نئے اسٹیل پلانٹ لگانے کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا۔ اسٹیل اتھاریٹی آف انڈیا لمٹیڈ سے متعلق معاملوں کے نپٹارہ پر بھی صلاح ومشورہ ہوا۔ نئے اسٹیل فریٹ کوریڈور کی تعمیر پر بھی بات ہوئی ۔ اس کوریڈور کے بننے سے اسٹیل پلانٹ اور لوہا ومعدنیات سے متعلق صنعتوں کی ضرورتوں کو پورا کرنے میں 100 کلو میٹر کی مسافت کم ہوجائے گی۔ اس کے علاوہ جھارکھنڈ میں پیدا ہونے والے مصنوعات کی ڈھولائی بہترہوسکے گی۔جھریا میں زیر زمین آگ سے متاثر کانوں میں کوکنگ کول کی انڈر گراؤنڈ مائننگ کو نئی تکنیک کا استعمال کر کے زیادہ تیز رفتار بنانے پر بھی بات ہوئی۔ اس سلسلے میں کوئلہ اور اسٹیل کی وزارتوں کے علاوہ جھارکھنڈ کی حکومت کے درمیان بہتر رابطہ قائم کیا جائے گا۔