انل کمبلے ہوں گے ایک سال کیلئے ٹیم انڈ یا کے نئے چیف کوچ

دھرم شالہ، 23؍جون(آئی این ایس انڈیا )اسپن کے جادوگر اور سابق کپتان انیل کمبلے کو ایک سال کیلئے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا نیا کوچ مقرر کیا گیا ہے جس سے اس عہدے کو لے کر گزشتہ طویل عرصے سے لگائی جا رہی اٹکل بازیوں پر بھی روک لگ گئی۔کمبلے کو اگلے ماہ ہندوستانی ٹیم کے ویسٹ انڈیز دورے سے ہی نئی ذمہ داری سنبھالنی ہوگی۔ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے آج یہ اعلان کیا۔اس 45سالہ سابق لیگ اسپنر کو سابق ٹیم ڈائریکٹر روی شاستری، آسٹریلیا کے ٹام موڈی اور اسٹورٹ لاء پر ترجیح دی گئی ہے۔کمبلے کا انتخاب بی سی سی آئی کی کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی کی سفارش پر کیا گیا ہے جس میں اس لیگ اسپنر کے تین سابق ساتھی سچن تندولکر، سوربھ گانگولی اور وی وی ایس لکشمن شامل تھے۔اس کمیٹی نے منگل کو کولکاتہ میں دس گھنٹے تک چلے سیشن میں کمبلے سمیت دیگر امیدواروں کے انٹرویو لئے تھے۔بی سی سی آئی صدر انوراگ ٹھاکر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بی سی سی آئی بہت شفاف ہے،ہم نے معیار قائم کئے تھے،اس کیلئے کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی بھی تھی،وہ مکمل عمل سے گزرے، انٹرویو لئے اور کچھ ناموں کی سفارش کی،مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بحث کے بعد ہم نے اگلے ایک سال کے لئے انل کمبلے کوہندوستانی کرکٹ ٹیم کا نیا کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ہندوستانی یا غیر ملکی سے منسلک مسئلہ نہیں ہے یہ اس عہدے کے لئے بہترین شخص سے منسلک ہے،میرا خیال ہے کہ ہم نے بہترین کھلاڑیوں کی خدمات لی ہیں جنہوں نے ہندوستانی کرکٹ کی خدمت کی،ایسی کوئی حد نہیں تھی کہ ہمیں صرف ہندوستانی کوچ ہی چاہئے،ہم ہندوستانی ٹیم کے لئے بہترین شخص کو چاہتے تھے۔کمبلے کا انتخاب ان 57امیدواروں میں سے کیا گیا ہے جنہوں نے بی سی سی آئی کے اشتہارات کے بعد اس عہدے کے لئے درخواست دی تھی،بعد میں اس فہرست کو 21امیدوارو تک محدود کر دیا گیا تھا۔ہندوستان کی طرف سے سب سے زیادہ وکٹ لینے اور وکٹ لینے کے معاملے میں بین الاقوامی سطح پر متھیا مرلی دھرن اور شین وارن کے بعد تیسرے نمبر پر قابض کمبلے گزشتہ چند دنوں سے کوچ کے عہدے کے مضبوط دعویدار بن گئے تھے تاہم انہیں بین الاقوامی سطح پر کوچنگ کا کوئی تجربہ نہیں ہے۔کمبلے آئی پی ایل ٹیموں جیسے رائل چیلنجرز بنگلور اور ممبئی انڈینس کے مینٹر رہے ہیں۔اس کے علاوہ بین الاقوامی کرکٹر کے طور پر ان کا بے پناہ تجربہ ان کے حق میں گیا۔یہ سابق لیگ اسپنر نے اپنے تقریبا دو دہائی کے کیریئر میں 132ٹیسٹ میچ اور 271ون ڈے میچ کھیلے۔کمبلے نے ٹیسٹ میچوں میں 619وکٹ اور ون ڈے میں 337وکٹ لئے۔اس طرح دونوں فارمیٹس میں ان کے نام پر 956وکٹ درج ہیں۔یہ لیگ اسپنر انگلینڈ کے جم لیکر کے بعد واحد ایسا بولر ہے جس نے کسی ایک ٹیسٹ اننگز میں دس وکٹ لئے۔ٹھاکر نے کہا کہ دوسرے ساتھی عملے کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔کمبلے کا بین الاقوامی کوچ کے طور پر تجربے کی کمی کے باوجود انہیں کوچ مقرر کرنے کے فیصلے کے سوال پر ٹھاکر نے کہا کہ اس سے پہلے اسپنر کا ریکارڈ ہی سب کچھ بیاں کرتا ہے کہ وہ اس عہدے کے لئے کتنے موزوں شخص ہے۔بی سی سی آئی کے سربراہ نے کہا کہ ایک سال بعد کمبلے کے کام کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ ہندوستان کے لیے میچ فاتح ہیں۔ان کا ریکارڈ شاندار ہے اور جب ہندوستان کے لیے میچ جیتنے کی بات آتی ہے تو ریکارڈ خود ہی انل کمبلے کی کہانی بیان کرتے ہیں۔ایک سال بعد ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔