این آئی ٹی پٹنہ کیلئے 234 کروڑ روپئے منظور

پٹنہ 07 جون (اسٹاف رپورٹر): ریاستی کابینہ نے این آئی ٹی پٹنہ کو 115 ایکڑ زمین مہیا کرانے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ اس پر 234 کروڑ روپئے خرچ ہوں گے۔ اس قطعہ اراضی پر صنعتی پارک کو فروغ دیا جائے گا۔ منگل کو زیراعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں ہوئی ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا۔میٹنگ میں لئے گئے فیصلوں کی اطلاع دیتے ہوئے محکمہ کابینہ سکریٹریٹ کے پرنسپل سکریٹری برجیش مہروترا نے بتایا کہ ریاستی کابینہ نے مجموعی طور پر 11 تجاویز کو منظوری دی۔ اس کے تحت آبکاری اور نشہ بندی محکمہ کو ایمرجنسی فنڈ سے 40 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ،ساتھ ہی غیر نظر ثانی شدہ تنخواہ پارہے ملازمین کو مہنگائی بھتہ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اس سے کئی ہزار ریاستی ملازمین کو فائدہ ہوگا۔ حکومت نے ایک اور اہم فیصلے میں فصل کاٹنے کا تجربہ کرانے کیلئے اور اقتصادی مردم شماری کیلئے بنائے گئے سیوکوں کے پینل کو رد کردیا۔ اس کے ساتھ ہی سبھی 534 بلاکوں میں اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر بنانے کی تجویز کو بھی منظوری دے دی۔