بھارت کے پڑوس میں ہے دہشت گردی کا اڈہ:مودی

واشنگٹن : امریکی کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی۔۔۔۔۔

واشنگٹن 08جون (ایجنسی) : وزیراعظم نریندر مودی نے امریکی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک جمہوریت سے دوسری جمہوریت کو طاقت ملتی ہے۔ امریکہ اور بھارت کی تاریخ بے شک الگ رہی ہو لیکن ہم جمہوریت کے دھاگے سے جڑے ہوئے ہیں۔ بھارت وامریکہ کے درمیان گہرا رشتہ ہے ، دونوں ملک آزادی کے بندھن سے بھی جڑے ہوئے ہیں۔ بھارت ایک ہے اور اس کی ایک ہی مقدس کتاب ہے جو ہمارا آئین ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ممبئی حملے کے دوران بھارت کیلئے امریکہ نے مدد کا ہاتھ بڑھایا جس کیلئے ہم امریکہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کے پڑوس میں ہی دہشت گردی کا اڈہ ہے۔ مودی نے بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ باباصاحب نے یہاں کولمبیا یونیورسٹی میں برسوں گزارے اور اپنی صلاحیت کونکھارا، اس میں کوئی شک نہیں کہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی بھی بھارت اور امریکہ کو فطری معاون بتایا تھا اورمہا تما گاندھی کے عدم تشدد کے پیغام نے مارٹن لوتھر کو متاثر کیا تھا۔ مودی کے یہ کہتے ہی امریکی پارلیمنٹ کے سبھی ارکان نے کھڑے ہوکر ان کا خیر مقدم کیا۔ اس سے قبل پارلیمنٹ میں داخل ہوتے ہی امریکی کانگریس نے ان کا تالیوں کی گڑگڑاہٹ سے استقبال کیا۔ مودی امریکی کانگریس سے خطاب کرنے والے پانچویں ہندوستانی وزیر اعظم ہیں۔