ثانیہ مرزا کو ‘انڈین آف دی ایئرکا ایوارڈ

نئی دہلی، 10 جون (یو این آئی) دنیا کی نمبر ایک خاتون ڈبلز ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا کو جمعرات کی رات یہاں ایک تقریب میں سی این این نیوز -18 انڈین آف دی ایئر 2015 ایوارڈ سے نوازا گیا۔مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے 2000 سڈنی اولمپکس کی کانسے کا تمغہ فاتح خاتون ویٹ لفٹر کرنم ملیشوری کے ساتھ ثانیہ کو اس ایوارڈ سے سرفراز کیا ۔ سی این این نیوز -18 انڈین آف دی ایئر 2015 کھیل ایوارڈ کی دوڑ میں گولفر انربا لاہڑی، ہندستانی مرد ہاکی ٹیم، کیوزکھلاڑی پنکج اڈوانی، ہندستانی کرکٹر روی چندرن اشون، بیڈمنٹن اسٹار سائنا نہوال اور ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا شامل تھیں لیکن ثانیہ کو گزشتہ سال کی ان کی زبردست کامیابیوں اور دنیا میں نمبر ایک بننے کی کامیابی کی بدولت یہ ایوارڈ ملا۔جیٹلی اور ملیشوری کے ہاتھوں یہ اعزاز قبول کرنے کے بعد ثانیہ نے کہاکہ میرا یہاں یہ پہلا موقع ہے ۔میں اس ایوارڈ کو قبول کر کے بے حد فخر محسوس کر رہی ہوں۔ملیشوری میری ہیرو ہیں جنہوں نے سڈنی میں کانسی کا تمغہ جیت کر سکھایا کہ خاتون کھلاڑی بھی بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کر سکتی ہیں۔جب انہوں نے اولمپک تمغہ جیتا تھا تب میں کافی چھوٹی تھی۔ٹینس اسٹار نے ساتھ ہی کہاکہ یہ اعزاز ان تمام لڑکیوں کیلئے ہے جن کے والدین انہیں ٹینس کھیلنے سے یہ کہہ کر روکتے ہیں کہ رنگ کالا ہو جائے گا۔ایوارڈ کی تقریب میں حال میں فرانسیسی اوپن کا مکسڈ ڈبلز اور اپنے کیریئر کا 18 گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے والے ٹینس اسٹار لینڈر پیس کو خصوصی جیوری ایوارڈ سے نوازا گیا۔پیس نے یہ ایوارڈ قبول کرنے کے بعد کہاکہ یہ اعزاز مجھے میرے والد ڈاکٹر ویس پیس کی بدولت ملا ہے جنہوں نے مجھے سکھایا تھا۔