جاپان میں کھیتوں کی حفاظت کرنیوالا کیڑے مار ڈرون تیار

ٹوکیو: جاپان نے کھیتوں کی حفاظت کرنے والا ایسا ڈرون تیار کر لیا ہے جو عین اسی مقام پر کیڑے مار دوا چھڑکتا ہے جہاں اس کی ضرورت ہوتی ہے۔ جاپان کا تیار کردہ یہ جدید ڈرون فصل کی نگرانی میں وہ جگہیں بھی ڈھونڈ نکالتا ہے جہاں انسان کی نظر نہیں پہنچ پاتی۔ اس میں نصب تھرمل کیمرے رات کی تاریکی میں بھی فصل دشمن کیڑوں کو بھانپ کر ان کا خاتمہ کرتے ہیں۔ ڈرون اپنے تھرمل کیمرہ سے اندھیرے میں 50 سے زائد مختلف کیڑے مکوڑوں کو پہنچان سکتا ہے۔ تجرباتی طور پر جب اسے آلو اور سویابین کی فصلوں پر آزمایا گیا تو اس کے بہت اچھے نتائج برآمد ہوئے اور انسانی مداخلت کے بغیر فصل دشمن کیڑوں کا صفایا کیا گیا۔ اس ڈرون میں روشنی خارج کرنے والا ایک آلہ بھی لٹکایا جاسکتا ہے جو کسی دوا کے بغیر خاص برق اور شعاع کو خارج کر کے کیڑوں کو ایک جگہ جمع ہونے سے روکتا ہے اوریہ کام بھی عام کسان اپنے ہاتھوں سے نہیں کر سکتا۔ اگرچہ ایسے ڈرون پہلے بھی بنائے گئے ہیں لیکن یہ ڈرون جدید ٹیکنالوجی سے لیس اور مکمل طور پر خود مختار ہے۔ زرعی ماہرین کے مطابق اس ڈرون کا سب سے بڑا فائدہ یہی ہے کہ یہ صرف اسی جگہ حشرات کش دوا چھڑکتا ہے جہاں اس کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ دنیا بھر میں زرعی ادویات کا بے دریغ استعمال بہت نقصان دہ ثابت ہورہا ہے۔