جب خدا کو کسی کی ہلاکت منظور ہوتی ہے تو سب سے پہلے خود رائے کی خود رائی اس کو برباد کرتی ہے – نبی کریم ﷺ

اللہ کی قدرت: انسان کی پیدائش
انسان کی پیدائش میں اللہ تعالیٰ کی ایک بڑی قدرت یہ ہے کہ اس نے ایک ایسی جگہ بنائی، جہاں نہ تو ہوا کا انتظام ہے، نہ روشنی کا، اس کے باوجود اللہ تعالیٰ تین تین اندھیریوں میں بچے کو پالتا ہے، اس کی آنکھوں کو بناتا ہے، اس کے کانوں کو بناتا ہے، کانوں کے پردوں کو بناتاہے، اس کے ننھے ننھے ہاتھوں کو بناتا ہے، ہاتھوں کی لکیروں کو بناتا ہے، ناخنوں کو بناتا ہے، غرضیکہ ہر چیز کو بناتا ہے، اور پھر اسی اندھیرے میں اس کی شکل و صورت بھی بناتا ہے ؛ اللہ تعالیٰ نے قرآن میں فرمایاہے : ’’اور وہ ذات ہے جو رحم (پیٹ) میں تمہاری اسی شکل و صورت کو بناتا ہے‘‘۔ [سورۂ آل عمران: 6]
ایک فرض کے بارے میں : بیماری یا سفر کی حالت کے روزے
قرآن میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : ’’جو شخص بیمار ہو یا سفر میں ہو، تو دوسرے دنوں میں شمار کرکے اس میں (روزہ) رکھنا (واجب) ہے‘‘ ۔ [سورۂ بقرہ :185 ] فائدہ:رمضان میں اگر کوئی شخص بیمار ہوجائے اور روزہ ر کھنیکی طاقت نہ ہو یا سفر میں ہو اور روزہ نہ رکھا ہو تو بعد میں اس کی قضا واجب ہے۔
ایک سنت کے بارے میں : وتر میں کونسی سورت پڑھنا مسنون ہے
رسول اللہ وتر کی پہلی رکعت میں (سَبِّحِ اسْمَ رَبِّکَ الْاَعْلَی) اور دوسری میں (قُلْ یٰٓاَیُّھَا الْکٰفِرُوْنَ)اورتیسری میں (قُلْ ھُوَ اللّٰہُ اَحَدُٗ) پڑھتے تھے۔ [نسائی: 1738 ، عن عبد الرحمٰن بن ابزیٰؓ]