دست بالا یعنی سخی کا ہاتھ دست زیریں یعنی سائل کے ہاتھ سے بہتر ہے۔ نبی کریم ﷺ

اللہ کی قدرت : زمین سے پودا کون اگاتا ہے؟
بیج کو زمین کے اندر دبا دیا جاتا ہے، اس کا خول بہت سخت ہوتا ہے، کچھ بیج اتنے سخت ہوتے ہیں کہ ہم انھیں دانتوں سے بھی توڑ نہیں سکتے، لیکن یہی بیج جب مٹی میں بودیا جاتا ہے، تو چند دنوں میں ایک نازک اور نرم پودا اس سخت بیج توڑ کر اور زمین کو پھاڑ کر نکلتا ہے، آخر اس سخت خول کو کون توڑتا ہے، اور زمین سے پودا کون نکالتا ہے؟ قرآن پاک میں ہے: ’’یقیناًاللہ ہی بیجوں اور گھٹلیوں کو توڑتا ہے‘‘۔ [سورۂ انعام: 95]
ایک فرض کے بارے میں : زکوٰۃ مستحق کو دینا ضروری ہے
رسول اللہﷺ نے فرمایا : ’’بے شک اللہ تعالیٰ نے زکوٰۃ کے مستحق کو نہ کسی نبی کی مرضی پر چھوڑا ہے اور نہ ہی نبی کے علاوہ کسی اور کی مرضی پر، بلکہ خود ہی فیصلہ فرما دیا ہے اور اس کے آٹھ حصے متعین کردیے ہیں‘‘ ۔ [ابو داؤد:1630، عن زیاد بن حارثؓ ] فائدہ:زکاۃ کا جو مستحق ہے، اسی کو زکاۃ دینا ضروری ہے اور جو زکاۃ کا مستحق نہیں ہے، اگر اس کو دے دیا تو زکاۃ ادا نہیں ہوگی۔
ایک سنت کے بارے میں : غسل کرنے کا سنت طریقہ
حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں : رسول اللہ ﷺ جنابت کا غسل (یعنی فرض غسل) فرماتے، تو سب سے پہلے ہاتھ دھوتے، پھر سیدھے ہاتھ سے بائیں ہاتھ پر پانی ڈالتے، پھر استنجاء کی جگہ دھوتے، پھر جس طرح نماز کے لیے وضو کیا جاتا ہے اسی طرح وضو کرتے، پھر پانی لے کر اپنی انگلیوں کے ذریعہ سر کے بالوں کی جڑوں میں داخل کرتے، پھر تین دفعہ دونوں ہاتھ بھرکریکے بعد دیگرے سر پر پانی ڈالتے، پھر سارے بدن پر پانی بہاتے اور سب سے آخر میں دونوں پاؤں دھوتے۔ [مسلم : 718]