سلمان نے نہیں مانگی معافی، خاتون کمیشن کو بھیجا جواب

نئی دہلی ،29؍جون (آئی این ایس انڈیا )بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے اپنے متنازعہ’ عصمت دری کی شکار خاتون ‘والے بیان پر قومی خاتون کمیشن کو جواب بھیج دیا ہے۔کمیشن کی چیئرپرسن للتا کمار منگلم نے جواب ملنے کی بات تصدیق کردی ہے۔انہوں نے کہاکہ سلمان کے جواب سے قطعی نہیں لگتا کہ انہوں نے معافی مانگی ہے۔بتاتے چلیں کہ سلمان خان نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ ’سلطان ‘کی شوٹنگ کے دوران پہلوان کو اٹھانے کے بعد انہیں کسی ’ریپڈ وومن‘ جیسا محسوس ہوتا تھا۔عید الفطر کے موقع پر ریلیز ہو رہی فلم ’سلطان‘کے پرموشنل پروگرام میں سلمان نے عصمت دری کی شکار جیسا محسوس کئے جانے کو لے کر تبصرہ کیا تھا۔اس کولے کر ملک بھر میں ان کی تنقید ہوئی تھی۔قومی خاتون کمیشن نے بھی سلمان کو نوٹس بھیجا تھا۔بالی ووڈ اداکار کو آج کمیشن کے سامنے پیش ہوکر جواب دینا تھا۔تاہم، آئیفا ایوارڈ شو سے واپس آئے سلمان خود کمیشن کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔انہوں نے اپنے وکیل کے ذریعے یہ جواب بھیجا۔این اسی ڈبلیو کی چیئرپرسن للتا کمار منگلم نے ایک چینل سے کہاکہ ،ہاں!8 ہمیں سلمان کی جانب سے جواب موصول ہوا ہے، ہم اس پر غور کر رہے ہیں۔اس کے بعد ہم فیصلہ کریں گے کہ اس پر کیا کرنا چاہیے ۔ان کے جواب سے ایسا نہیں لگتا کہ وہ معافی مانگ رہے ہیں۔سلمان خان نے کچھ دن پہلے ایک اسٹوڈیو میں میڈیا کو انٹرویو دیا تھا۔انٹرویومیں انہوں نے کہا تھاکہ جب ’سلطان ‘کی شوٹنگ کررہے تے تھے اس وقت تو6 گھنٹے اٹھا پٹخ، اٹھا پٹخ ہوتا تھا۔وہ میرے لیے کافی مشکل تھا۔مجھے 120کلو کے پہلوان کو 10الگ الگ زاویہ سے اٹھانا ہوتا تھا۔ان چھ سے سات گھنٹوں میں مجھے ان کو اٹھاکر اور انہیں مجھے اٹھا کر زمین پر پٹخنی دینی ہوتی تھی۔رنگ میں ایسا ایک بار نہیں، کئی بار کرنا پڑتا تھا، تاکہ حقیقی لڑائی محسوس ہو۔شاٹ کے بعد جب میں رنگ سے باہر نکلتا تھا، مجھے عصمت دری کی شکار خاتون کی طرح محسوس ہوتا تھا۔میں سیدھا نہیں چل پاتا تھا۔