شراب بندی سے بے روزگار ؟متبادل روزگارجلد

جیویکا کے پروگرام میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ ایسے لوگوں کیلئے حکومت متبادل روزگار کا انتظام کرنے جارہی ہے

پٹنہ 14 جون (اسٹاف رپورٹر): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ بہار میں مکمل شراب بندی کے نتیجے میں بے روزگار ہوئے لوگوں کیلئے حکومت متبادل انتظام کرے گی۔ اس کی شروعات پورنیہ سے ہوچکی ہے۔ سوموار کو پورنیہ کے اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں منعقد جیویکا پروگرام میں وزیراعلیٰ نے کہا تھا کہ اس کیلئے حکومت نے وسیع تر انتظامات کئے ہیں۔ انہوں نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب فیصلہ آپ کو کرنا ہے کہ غلط کام کرکے پیسے کمانے ہیں یا پھر اچھا کام کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جیویکا کے توسط سے ریاست میں تقریباََ 5لاکھ خواتین کے گروپ بنائے گئے ہیں۔2017 تک حکومت نے مزید دس لاکھ گروپ بنانے کا نشانہ طے کیا ہے ۔ جس سے تقریباََ ڈیڑھ کروڑ خاندان جڑیں گے۔ ان خاندانوں کو خود کفیل بنانے کیلئے حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔ وزیراعلیٰ آدھی آبادی میں آئی اس تبدیلی کو خاموش انقلاب کا نام لیتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں یہ بدلاؤ نظر آنے لگے گا اس کیلئے انہوں نے گروپ سے جڑنے والی خواتین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ سب آپ کے تعاون سے ہی ہوسکا ہے۔ وزیراعلیٰ نے خواتین سے کہا کہ شراب بندی نافذ ہونے کے بعد بھی آپ مطمئن ہوکر نہیں بیٹھیے کیونکہ کہا جاتا ہے کہ ساودھانی ہٹی اور درگھٹنا گھٹی، ہمیشہ اس معاملے پر نظر جمائے رکھنا ہے اگر کہیں بھی شراب کی بھٹی نظر آئے تو اسے فوراََ توڑ دیں حکومت وانتظامیہ آپ کے ساتھ ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شراب پینے والوں سے لے کر اسے بیچنے اور بنانے کے خلاف حکومت نے سخت قانون بنایا ہے اسے سختی سے نافذ کیا جارہا ہے۔