ضمنی انتخاب میں محبوبہ مفتی کی شاندار جیت

اننت ناگ25جون(جاوید احمد)جموں وکشمیر کی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی ہفتہ کو اننت ناگ ضمنی انتخابات جیت گئیں۔انہوں نے اپنے قریب ترین حریف کو12000سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔یہاں سے محبوبہ سمیت آٹھ امیدوار میدان میں تھے جن میں کانگریس کے ہلال احمد شاہ اور نیشنل کانفرنس کے افتخار حسین بھی شامل ہیں۔یہاں 22جون کو پولنگ ہوئی تھی۔یہ سیٹ سات جنوری کومحبوبہ کے والد اور ریاست کے سابق وزیراعلیٰ مفتی محمد سعید کے انتقال کے بعدخالی ہوئی تھی۔4اپریل کو محبوبہ نے وزیراعلیٰ کے عہدہ کاحلف لیاتھا۔اس کے بعد انہیں ریاست کے دومقننہ کے کسی ایک ایوان کی چھ ماہ کے اندر اندر رکنیت لینی تھی۔یہاں ووٹوں کی گنتی ہفتے کی صبح شروع ہوئی، جس میں کانگریس کے حامیوں کی مخالفت کی وجہ سے کچھ وقت کیلئے رکاوٹ بھی پڑی۔انہوں نے فرضی ووٹنگ کا الزام لگاتے ہوئے پریزائڈنگ افسر سے شکایت کی تھی، جسے نظر انداز کر دیے جانے کے بعد پارٹی کے حامیوں نے ہنگامہ شروع کر دیا تھا۔ہنگامے کی وجہ سے ووٹوں کی گنتی کا عمل کچھ دیرکیلئے رکاوٹ پیداہوئی۔تاہم یہ کچھ ہی دیر بعد پھر شروع ہو گئی اور آخری دور کی کاؤنٹنگ کے بعد محبوبہ کو فاتح قرار دیا گیا۔