طلبا ملک کے مستقبل کا اثاثہ :سمرتی ایرانی

وجئے واڑہ 7جون(یواین آئی) مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی نے آندھراپردیش کے ضلع وجئے واڑہ کا دورہ کیا ۔ انہوں نے گجراتی طبقہ کی جانب سے چلائے جانے والے ایک اسکول کے کمپیوٹر لیب کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر انہو ں نے تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ طلبہ ملک کے مستقبل کا اثاثہ ہے ۔ انہوں نے بہترین قیادت پر وزیر اعظم نریندر مودی کی ستائش بھی کی ۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی طبقہ تعلیم پر رقم خرچ کرتا ہے تو یہ بچوں کیلئے اس بات کا اشارہ ہے کہ اگر بچے تعلیم یافتہ بن کر ملک کی خدمت کرنا چاہتے ہیں تو اس سے بڑی اور بہت خدمت نہیں ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسکول کے بچے اپنے والدین کی کامیاب زندگی سے ترغیب حاصل کریں گے ۔ خواندگی اور تعلیم کی روشنی اپنی زندگی میں لائیں گے ۔ انہوں نے لڑکیوں سے اس موقع پر تفصیلی طور پر تبادلہ خیال بھی کیا اور ان کے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بات چیت کی ۔ بیشتر لڑکیوں نے ان سے سوالات کئے اور کہا کہ وہ بھی سمرتی ایرانی بننا چاہتی ہیں۔ سمرتی ایرانی نے خوشگوار انداز میں ان تمام طالبات کے سوالات کے جوابات دیئے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔سمرتی ایرانی نے اسکول کی عمارت کا بھی تفصیلی معائنہ کیا ۔ بعد ازاں انہو ں نے آندھراپردیش کے وزیر اعلی چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کی اور موجودہ سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کیا ۔