عاقب جاوید کا بنگلہ دیش کا کوچ بننے سے انکار

ڈھاکہ، 7 جون (یو این آئی) پاکستان کے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ بننے سے انکار کر دیا ہے ۔اس سال کے شروعات میں متحدہ عرب امارات کے چیف کوچ کے عہدے سے استعفی دینے کے بعد عاقب نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائزی لاہور قلندر کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔انہوں نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بي سي بی) کے کوچ کی پیشکش کو ٹھکراتے ہوئے کہا ان کے لئے کسی اور کام کی ذمہ داری لینا مشکل ہے ۔کرک انفو کے مطابق عاقب جاوید نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کے بعد وہ مختصر مدت کے لیے بنگلہ دیشی ٹیم کے ساتھ کام کرسکتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کے ساتھ طویل مدتی منصوبے پر کام کررہے ہیں اور اس وقت بنگلہ دیشی ٹیم کے ساتھ منسلک نہیں ہوسکتے ۔اس سے قبل کرک انفو کی ہی ایک رپورٹ کے مطابق بی سی بی کے صدر نظم الحس نے عاقب جاوید سے رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم عاقب جاوید سے رابطے میں ہیں اور بورڈ کے سربراہ ناظم الدین چوہدری نے ہمیں آگاہ کیا ہے کہ ایک دن بعد وہ حتمی جواب دیں گے کہ وہ دستیاب ہوں گے یا نہیں۔عاقب جاوید اس سے قبل متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طورپر کام کرچکے ہیں جہاں ان کی ٹیم نے ایشیا کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا تاہم ایشیا کپ کے بعد انہوں نے اپنے عہدے دے استعفیٰ دے دیا تھا۔زمبابوے کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ہیتھ اسٹریک کے ساتھ معاہدے کے اختتام کے بعد بنگلہ دیش کے بالنگ کوچ کا عہدہ خالی ہے ۔عاقب جاوید نے متحدہ عرب امارات کی کوچنگ سے مستعفی ہونے کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالا تھا۔سابق فاسٹ بالر کی کوچنگ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم 2004 میں عالمی چمپین بن گئی تھی