مائیکروسافٹ 26 ارب ڈالر میں لنکڈ اِن خریدے گی

کمپیوٹر سافٹ ویئر بنانے والی مشہور کمپنی مائیکرو سافٹ نے پیشہ ورانہ نیٹ ورکنگ کی ویب سائٹ لنکڈ اِن کو خریدنے کا اعلان کیا ہے۔ مائیکرو سافٹ لنکڈ اِن کی خریداری کے لیے 26 ارب ڈالر ادا کرے گی اور کمپنی کے ہر شیئر کے عوض 196 ڈالر ادا کیے جائیں گے۔ اس معاہدے سے مائیکرو سافٹ کی مصنوعات کی فروخت اور کاروبار میں اضافہ ہو گا۔مائیکرو سافٹ کا کہنا ہے کہ لنکڈ اِن کا ’منفرد برانڈ اور غیر جانبداری‘ برقرار رہے گی۔اس وقت دنیا بھر میں لنکڈ اِن کے صارفین کی تعداد 43 کروڑ سے زیادہ ہے۔لنکڈ اِن کی خریداری کے بعد اسے مائیکرو سافٹ کی مختلف مصنوعات جیسے آفس 365، آؤٹ لک کے ساتھ منسلک کیا جا سکتا ہے۔مائیکرو سافٹ کے چیف آپریٹنگ آفیسر ستیا نڈیلا کا کہنا ہے کہ وہ بہت عرصے سے لنکڈ اِن کو پسند کرتے تھے۔انھوں نے کہا کہ ’میں اس کے بارے میں کافی عرصے سے سوچ رہا تھا۔‘ستیا نڈیلا کا کہنا تھا کہ اْن کی کمپنی لنکڈ اِن کو اپنے ساتھ منسلک کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کر رہی ہی تاکہ اْس کے کلچر اور برانڈ میں کوئی تبدیلی نہ آئے۔اس سے قبل مائیکرو سافٹ نے 2014 میں مشہور ویڈیو گیم مائن کرافٹ کو ڈھائی ارب ڈالر میں خریدا تھا۔معاہدے کے تحت لنکڈ اِن کے موجودہ چیف آپریٹنگ آفیسر جیف وائنر اپنے عہدے پر موجود رہیں گے اور وہ لنکڈ اِن کے چیئرمین ریڈ ہیوفمین مائیکرو سافٹ کے سربراہ کو رپورٹ کریں گے۔لنکڈ اِن کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ یہ اْن کی کمپنی کے اپنے آپ کو دوبارہ سے تشکیل دینے کا موقع ہے۔