ملک کو بلندیوں پر لے جانے والی مہم میں شامل ہوں:مودی

بالاسور، 02 جون (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے عوام سے ملک کو نئی بلندیوں لے جانے والے مجموعی پروگراموں سے جڑنے کی اپیل کرتے ہوئے آج کہا کہ گزشتہ دو سال میں ان کی حکومت نے غریبی سے آزاد ملک کی تعمیر اور تمام شعبوں کی مناسب ترقی اور لوگوں کو بااختیار بنانے کی سمت میں متعدد فلاحی اور ترقیاتی پروگراموں کومتعارف کرایا ہے ۔ مسٹر مودی نے یہاں ‘ترقی کے جشن’کے موقع پر ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت گزشتہ دو سال میں شروع کئے گئے متعدد فلاحی منصوبوں میں عوام کی شرکت چاہتی ہے تاکہ ملک اقتصادی ترقی کی نئی بلندیوں کو چھو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ 70 سالہ تاریخ میں یہ پہلی بار ہو رہا ہے جب حکومت اپنے کام کاج کی رپورٹ لوگوں کے سامنے پیش کر رہی ہے ۔مسٹر مودی نے کہا کہ ان کی حکومت غریبوں کے لیے وقف ہے ۔ جننی سرکشا منصوبہ، بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ، اندرا دھنش منصوبہ، جن دھن منصوبہ اور سوکنیا سمردھیہ منصوبے سمیت کئی منصوبوں کے ذریعے غریبوں کی زندگی میں تبدیلی آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مغربی علاقوں میں تیزی سے اقتصادی ترقی ہوئی ہے جبکہ مشرقی ریاستیں وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود بھی ترقی میں پیچھے رہ گئیں۔