واقفیت کی کمی میں تکمیل حج کے بجائے صرف ٹور مکمل ہونا افسوسناک

ریاستی حج کمیٹی کے زیر اہتمام پٹنہ میں منعقدہ حج تربیتی کیمپ سے علماء کرام اور ٹرینرس کا خطاب

پٹنہ، 5جون (روح المتین احمد)۔ حج اسلام کے بنیادی ارکان میں سے پانچواں رکن ہے دوسری عبادات زندگی میں بار بارکئے جانے کی وجہ سے اس کے اعمال کی ادائیگی آسان ہو جاتی ہے مگر حج ایک ایسا عمل ہے جو زندگی میں ایک بار فرض ہے اور عام طور پر ایک ہی بار کرنے کی سعادت ملتی ہے جس کی وجہ سے اس کا سیکھنا بے حد ضروری ہے۔ حج سیکھے بغیر حج کی تکمیل نہیں ۔سفر کی تکمیل ہو تی ہے اور بہت بڑا سرمایہ خرچ کر کے حج مکمل ہونے کے بجائے ٹور مکمل ہو تو بڑے افسوس کی بات ہے ان خیالات کا اظہار ریاستی حج کمیٹی کے زیر اہتمام پٹنہ میں منعقدہ حج تربیتی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام اور ٹرینرس حضرات نے اپنے خطاب میں کہی۔ قرآن کریم کی تلاوت قاری حنظلہ نے کی اور خطبہ استقبالیہ بہار ریاستی حج کمیٹی کے صدر حافظ الحاج محمد الیاس عر ف سونو بابو نے پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ یہ تربیتی پروگرام پوری ریاست میں ماضی کی روایات سے ہٹ کر قبل ازوقت شروع کرنے کا مقصد یہ ہے کہ لوگ ابھی سے اس مقدس سفر کی تیاری شروع کر دیں اور رمضان لمبارک جیسے ماہ مقدس اور عبادت کے موسم میں حج کے ایک ایک عمل کو سیکھنے کی کوشش کریں انہوں نے کہا کے پورے صوبہ کی یہ ٹریننگ صرف دلچسپی پیدا کرنے کی ایک کوشش ہے آپ حضرات اپنے مقامی ائمہ ، علماء اور حاجیوں سے پوری تربیت حاصل کر کے ہی حج کے سفر کو جائیں ریاستی حج کمیٹی کے چیف ایکزکیوٹیو افسر جناب راشد حسین نے انتظام والفرام اور ضروری معلومات کے عنوان سے فرمایا کہ انشاء اللہ ۴؍ اگست سے حج کی فلائٹ کا سلسلہ شروع ہونے کی آمید ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ حج بھون میں صرف عازمین کے ہی قیام کا نظم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دوسری قسط کی رقم جمع کرنے کی تاریخ عنقریب آجائیگی۔ اس موقع پر عمرہ کے مسائل و احکام تنظیم تحریک ائمہ مساجد بہار کے صدر اور مسجد حضرت بلال ، سمن پورہ کے امام و خطیب مولانا اعجاز کریم قاسمی نے تفصیل سے بتاتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ تلبیہ کو اچھی طرح یاد کرنے میں کوتا ہی نہ کریں۔ انہوں نے احرام کی ممنوعات کو بھی تفصیل سے بتایا۔ حج کے پانچ ایام اور گرین و عزیزیہ کے ٹرانسپورٹ وغیرہ کے مسائل پر گفتگوں کرتے ہوئے مدرسہ صوت القرآن داناپور کے ناظم مولانا ایوب نظامی قاسمی نے بتایا کہ حج نو اعمال کرنے کا نام ہے جسمیں سے ایک شرط دو رکن یا فرض اور چھ واجب ہے۔ انہوں نے تلقین کی ہے کہ اول مرحلے میں فرائض و اجبات اچھی طرح یاد کر لیں اور اس کو ذہن میں بسالیں اور دوسرے مرحلے میں سنت و مستحبات کو بھی اچھی طرح یاد کر نے کی کوشش کریں تاکہ وہاں کے ثواب کو زیادہ سے زیادہ حاصل کیا جا سکے انہوں نے حج کو آسان بنانے اور حج کے ارکان کی آسان ادائیگی کرنے کے لئے عازمین کو سیکھنے کی گذارش کی انہوں نے منیٰ ، عرفات ، مذدلفہ اور جمرات کے کام، احکام و مسائل کو تفصیل سے بتاتے ہوئے فرمایا کہ شیطانوں کو کنکڑیاں مارنے کا آسان طریقہ ہے اور اس کے بعد قربانی اور حلق کرنے کے بعد طواف فرض جسے طواف زیارت بھی کہتے ہیں اسے ادا کر لینا چاہیے۔حرم کی آمد و رفت کے سلسلے میں انہوں نے بسوں کے انتظام اور اسکے بس اڈے ، بسوں کے نمبرات ، برانچوں کی تفصیلات پر بھی روشنی ڈالی، جماعت اسلامی ہند بہار کے امیر مقامی مولانا رضوان احمد اصلاحی نے سفر حج میں ضروری امور کے طرف عازمین کی توجہ مبزول کراتے ہوئے حج کمیٹی کی طرف سے قبل از وقت تربیتی کیمپ لگانے پر مبارکباد پیش کی اور شکریہ بھی ادا کیا۔نشست اول کا اختتام پونے دو بجے ہوا بعد ہ ظہر اور ظہرانہ کا وقفہ ہوا اور پھر تین بجے سے دوسری نشست شروع ہوئی جس میں مولانا ایوب نظامی قاسمی نے مدینہ کی زیارت کا طریقہ اور اس کے تقدس کا خاص خیال رکھنے کا قیمتی مشورہ دیا اور فرمایا کہ مدینہ و ہ بستی ہے جہاں قدم قدم پر اس کے تقدس واحترام کا خیال رکھنا چاہیے وہاں کی حاضری کو اپنی سعاد ت سمجھ کر چالیس وقت کی نماز با جماعت اور تکبیر اولیٰ کے ساتھ باجماعت ادا کرنی چاہئے۔ پروگرام کے آخرمیں بہار ریاستی حج کمیٹی کے چیف ایکزکیوٹیو افسر جناب محمد راشد حسین نے حفظان صحت اور ویکسن وغیرہ کے سلسلے میں مفید معلومات فراہم کراتے ہوئے تمام عازمین کو اصل تیاری فکر آخرت کی طرف مبذول ہونے کی تلقین فرمائی انہوں نے رقت آمیز الفاظ کے ساتھ فرمایا آپ ریال، سامان، بیگ میں الجھے ہوئے ہیں اور اسی کو اصل تیاری سمجھ بیٹھے ہیں حالانکہ اصل تیاری سامان و اسباب نہیں ہیں بلکہ بغیر سازو سامان کے دربار الہی میں فنا ہو جانے اور اپنی روح کو اللہ کی طرف متوجہ کرنے کی ہے۔آخر میں حضرت مولانا ایو ب نظامی قاسمی کے دعاؤں کے ساتھ تربیتی پروگرام کا اختتام ہوا۔