وزیراعلیٰ نے کیا پینٹنگ نمائش کا افتتاح

پٹنہ، 7جون (طارق حسن)۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج بہار للت کلا اکادمی کے کثیر المقاصد ثقافتی کیمپس فریزر روڈ پٹنہ میں آنندی پرساد بادل کے ذریعہ تیار سنگل پینٹنگ نمائش کا افتتاح کیا اور نمائش میں لگائے گئے آرٹس کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے آنندی پرساد بادل کے ذریعہ تصنیف کردہ ایک کتاب ’پربھاؤ‘ کا اجراء بھی کیا۔ مصوری نمائش کے افتتاح کے موقع پر فن، ثقافت اور نوجوان محکمہ کے وزیر شیوچندر راما، سکریٹری چیتنیہ پرساد، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری چنچل کمار، بہار للت کلا اکادمی کے صدر آنندی پرساد بادل، نائب صدر متل داس سمیت کئی فنکار اور کافی تعداد میں معزز اشخاص موجود تھے۔ پروگرام کے اختتام کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران وزیراعلیٰ نے کہا کہ آنندی پرساد بادل ایک ماہر فنکار ہیں، یہ ایسے فنکار ہیں جن کی مصوری بہت ہی موثر ہے اور میں سالوں سے ان کی مصوری کا مداح رہا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پچھلے سال انہوں نے جتنی بھی پنٹنگ بنائی ہے، اس کی نمائش لگائی گئی ہے۔ مجھے یہ دیکھ کر بہت اچھا لگا۔ انہوں نے کہاکہ بہار میں مسٹر بادل جیسی مختلف صلاحیتیں چھپی ہوئی ہیں۔ اس عمر میں بھی مسٹر بادل نے جتنی مستعدی کے ساتھ فن کے شعبہ میں اپنا کردار نبھایا ہے، اس سے بہار اور ملک کے فنکاروں کو ترغیب ملے گی۔