پورنیہ میں یونیورسٹی کا قیام جلد:نتیش

پورنیہ 13 جون (نمائندہ): پورنیہ میں جلد ہی ایک یونیورسٹی قائم کی جائے گی۔ اس کیلئے قانون سازیہ کے آئندہ اجلاس کے دوران ایک بل پاس کرایا جائے گا۔ یہ اعلان پورنیہ ڈویژن کے عوامی نمائندوں کے ساتھ ایک جائزہ کے دوران وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کیا۔ انہوں نے عوامی نمائندوں اور پورنیہ ضلع انتظامیہ سے کہا کہ وہ یونیورسٹی کیلئے زمین کی شناخت کر کے اسے نشان زد کرنے کی کارروائی کریں۔ سوموار کوہوئی اس میٹنگ میں پورنیہ ڈویژن کے تقریباََ سبھی عوامی نمائندوں نے متفقہ طور پر یونیورسٹی قائم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اسی کو دیکھتے ہوئے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے یہ اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے پورنیہ کے اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں جیویکا کے زیر اہتمام منعقد شراب بندی پروگرام کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر تقریباََ آٹھ ہزار جیویکا کی دی دیوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ خواتین کے مطالبے پر ہی بہار میں مکمل شراب بندی نافذ کی گئی اور ان کی ہی کوششوں سے یہ مہم کامیاب بھی ہوئی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم صرف شراب بندی میں نہیں لگے ہوئے ہیں بلکہ عوامی شکایات کے ازالہ کا حق دینے کیلئے پانچ جون سے نیا قانون بھی نافذ کیا ہے۔