رگھوور نے دلایا افسران وملازمین کو ہریالی کا حلف

جھارکھنڈ28 جون (معیز الدین خان) : جل ،جنگل اور زمین ہمارے لئے نعرہ نہیں بلکہ ہماری پہچان ہے۔ اس لئے ہم نے واٹر مینجمنٹ اور تحفظ کی طرف گذشتہ 15-16 مہینے کے دوران قابل ذکر کام کیا ہے۔ یہ دعویٰ ہے جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ رگھوور داس کا۔ جو پروجیکٹ بھون کے احاطہ میں ہریالی حلف برداری تقریب میں سرکاری افسران وملازمین کو حلف دلارہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ میں پانی بچانا اور ریاست کو سرسبز و شاداب بنانا ہی ہمارا اصلی مقصد ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ شجرکاری مہم کو تحریک کی شکل دینا ہے۔ ہرآدمی پانچ درخت لگائیں اور اس کی دیکھ بھال کریں۔ کیونکہ بغیر عوامی تحریک کے کوئی پروگرام کامیاب نہیں ہوسکتا ہے۔ چاہے سرکار کچھ بھی کرلے عوامی شراکت داری انتہائی ضروری ہے۔ سب کو جھارکھنڈ کیلئے درد ہونا چاہئے اور یہ فکر ہونی چاہئے کہ یہ ہماری ریاست ہے اور ہمیں اس کی بہتری کیلئے کام کرنا ہے۔