اتراکھنڈ میں بادل پھٹنے سے 38 ہلاک

دہرادون، 01 جولائی (یو این آئی) اتراکھنڈ کے پتھورا گڑھ اور چمولی اضلاع میں6 سے زائد مقامات پر جمعرات کی رات سے جمعہ کی صبح تک بادل پھٹنے اور اس کے بعد مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم 38 افرادکے مارے جانے کا اندیشہ ہے .ذرائع نے بتایا کہ پتھورا گڑھ کے ڈی ڈی ہاٹ تحصیل کے سکوڈی گاؤں میں بادل پھٹنے کے بعد مٹی تودے گرنے سے کئی مکان منہدم ہو گئے جن کے نیچے تقریباََ 38 افراد اور 50 سے زیادہ جانور دب گئے . ان میں سے 11 افراد کی لاشیں بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔ جبکہ 4کو زخمی حالت میں نکالا گیاہے۔محکمہ آفت نے بتایا کہ امدادی کام چل رہا ہے۔ضلع میں مواصلات کی خدمات میں رخنہ پڑا ہے اس لئے وہاں سیٹلائٹ فون کا انتظام کیا جا رہا ہے .مولی ضلع میں بھی بادل پھٹنے کے ایک اور واقعہ میں تین افراد کے مارے جانے کااندیشہ ہے .وزیر اعلی ہریش راوت نے فوج سے فوری طورپر امدادی کام میں مدد کی درخواست کی ہے جس کے بعد فوج کے دستہ نے موقع پر پہنچ کر راحت اور بچاؤ مہم شروع کر دی ہے . فوج کے ساتھ اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریلیف فورس (ایس ڈی آر ایف) کی ٹیم بھی امدادی کام میں مصروف ہے ۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اتراکھنڈ میں بادل پھٹنے اور اس کے بعد گرنے والے تودے سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن کے لئے این ڈی آر ایف کی ٹیموں کو بھیجا گیا ہے ۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ اتراکھنڈ کے پتھورا گڑھ اور چمولی میں بادل پھٹنے کے بعد انہوں نے ریاست کے وزیر اعلی ہریش راوت سے بات کرکے صورت حال کی معلومات حاصل کی اور کہا کہ مرکز اس آفت سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں این ڈی آر ایف کی ٹیمیں بھیجی گئی ہیں اور اضافی ٹیموں کو وہاں جانے کے لئے تیار رہنے کو کہا گیا ہے ۔ وزیر داخلہ نے آفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس میں مارے گئے لوگوں کے اہل خانہ کے تئیں تعزیت ظاہر کی ہے ۔آفات محکمہ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں زور و شور سے امدادی کام چل رہا ہے ۔ ضلع میں مواصلات کی خدمات میں رکاوٹ پیدا ہو گئی ہیں اس لئے وہاں سیٹلائٹ فون کا اہتمام کیا جا رہا ہے ۔ انڈوتبت سرحدی پولیس اور مسلح سرحدی فورس کی ٹیموں کو بھی راحت اور بچاؤ کے لئے بھیجا جا رہا ہے ۔ اتراکھنڈ کے وزیر اعلی ہریش راوت نے پتھورا گڑھ اور چمولی اضلاع میں بادل پھٹنے اور تودے گرنے کے واقعات سے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو دو دو لاکھ روپے کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا ہے ۔ وزیر اعلی نے ان واقعات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ریاستی حکومت پوری طرح متاثر لوگوں کے ساتھ ہے ۔