اقلیتوں کو مسائل میں گرفتار کر کے ملک میں امن و اطمینان قائم نہیں ہو سکتا

14-07-2016

امیر جماعت اسلامی ہند مولانا سید جلال الدین عمری کا عید ملن تقریب سے خطاب

نئی دہلی: جماعت اسلامی ہند کے زیر اہتمام گزشتہ شام یہاں انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر میں منعقدہ عید ملن کی سنجیدہ و پر وقار تقریب میں مہمانوں کو خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت مولانا سید جلال الدین عمری نے انہیں عید کی پر خلوص مبارکباد پیش کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انھیں تمام خوشیاں عطا فرمائے۔

مولانا نے اپنے ملک کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ ہندستان اس پہلو سے دنیا کا منفرد ملک ہے کہ یہاں تمام مذاہب اور مختلف تہذیبوں کے حامل افراد موجود ہیں ۔ یہاں مذہب کی بنیاد پر اختلافات تو ہوتے تھے مگر ان کی بنیاد پر جھگڑے نہیں ہوتے تھے۔ یہاں ہر طرح کے لوگوں کے دستوری حقوق برابر ہیں۔ لیکن وقت کے ساتھ ساتھ یہ احساس پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ یہاں کی اقلیتوں پر اعتماد نہیں جا سکتا اور اس طرح بدگمانیاں پھیلا کر اقلیتوں کے حقوق غصب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن یہ بات غور کرنے کی ہے کہ کیا اقلیتوں کو اضطراب میں مبتلا کر کے اس ملک میں امن و اطمینان قائم ہو سکتا ہے؟ موصوف نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے واقعات کو بہانہ بنا کر اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں اور عیسایﺅں کے لیے مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں جو تشویشناک ہے۔

مولانا نے اس پر کرب کااظہار کیا کہ ایک طرف اقلیتوںکے ساتھہ ناروا سلوک کیا جا رہا ہے اور دوسری طرف اس کے خلاف احتجاج کی مضبوط آواز یں بلند نہیں ہو رہی ہے ۔ موصوف نے باشعور طبقہ کو اس مقصد کے لیے بیدار ہونے کی طرف متوجہ فرمایا۔
امیر جماعت نے پر زور لہجے میں فرمایا کہ حق اور اسلام پر قائم رہنے والے کبھی زمین میں فساد نہیں پھیلاسکتے اور قرآن تو فسا داور بگاڑ کی مذمت کرتا اور تکریم انسانیت کا پیغام عام کرتا ہے ۔جماعت اسلامی ہند اسی پیغام کی علمبردار ہے۔

مولانا جلال الدین نے فرمایا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ مختلف طبقات اور مذاہب کے افراد کے درمیان نشستیں، ملاقاتیں اور ڈائلاگ ہو تاکہ ایک دوسرے کو بہتر طریقے پر سمجھا جا سکے اور قربتیں قائم ہو سکیں۔

عید ملن کی تقریب میں مسلم، ہندو، سکھ ، عیسائی وغیرہ مذاہب کی بڑی تعداد میں معروف شخصیات، تنظیموں کے سربراہ، بعض سفارتخانوں کے ذمہ داران و سفارت کار، میڈیا کے ذمہ داران و نمائندے، سماجی تنظیموں اور سیاسی پارٹیوں کے نمائندہ حضرات بالخصوص مولانا سید ارشد مدنی، مولانا توقیر رضا خان، جناب سراج قریشی ، جناب نوید حامد، مسٹر ایم ، ڈی تھامس ، سوامی اگنی ویش جی، جناب یحییٰ بخاری وغیرہ نے شرکت فرمائی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجیدسے ہوا۔ پروگرام کے کنوینر اور جماعت کے سکریٹری محمد اقبال ملانے مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور اختتام پر جماعت کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد سلیم انجینئر نے شرکاءکا شکریہ ادا کیا۔

برائے اشاعت:۔
جاری کردہ
شعبہ میڈیا، جماعت اسلامی ہند