حدیث

خود کو مظلوم کی بددعا سے بچاؤ ۔اس لئے کہ وہ خدا سے صرف اپنا حق مانگتا ہے اور خدا حقدار کو اپنا حق مانگنے سے نہیں روکتا ۔(یعنی اسے اس کا حق ضرور دیتا ہے)۔(نبی کریم ﷺ)
اللہ کی قدرت : پتھروں میں اللہ کی نشانی
اللہ تعالیٰ کی بنائی ہوئی یہ کائنات بڑی رنگ برنگی ہے، ہر چیز کو اللہ تعالیٰ نے ایک انوکھا رنگ دیا ہے، جس سے اس کی خوبصورتی اور پہچان ہوتی ہے۔ یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ نے پتھروں کو بھی ایک ایسا رنگ اور چمک عطا کی ہے، جس میں کالے، لال، ہرے اور سفید قسم قسم کے پتھر پیدا کیے ہیں۔ جس کو ہم مختلف طرح سے استعمال کرتے ہیں، ذرا غور کیجیے کہ یہ کس کی کاریگری ہے، زمین کے نیچے چھپی ہوئی ان پتھروں کی چٹانوں کو یہ رنگ، یہ چمک اور یہ خوبصورتی کس نے دی ہے؟ یقیناًیہ اللہ کی قدرت ہے، جس نے یہ رنگ بھری کائنات بنائی ہے۔
ایک فرض کے بارے میں : عورتوں پر روزوں کی قضا کرنا
حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ (رسول اللہ ﷺ کے زمانے میں) جب ہم لوگوں کو ماہواری آتی (اور اس کی وجہ سے نماز روزہ کچھ نہیں کرسکتے تو) ہمیں ان دنوں کے قضا روزوں کو رکھنے کا حکم دیا جاتا تھا اور قضا نمازیں پڑھنے کا حکم نہیں دیا جاتا تھاَ(مسلم: 763)
ایک سنت کے بارے میں : عطر لگانا سنت ہے
حضرت عائشہؓ سے معلوم کیاگیا کہ رسول اللہ ﷺ عطر لگایا کرتے تھے؟ انہوں نے فرمایا: ہاں مشک وغیرہ کی عمدہ خوشبو لگایا کرتے تھے۔ [نسائی : 119 5]