رجنی کانت کی فلم ’’کبالی‘‘ نے 7 بڑے ریکارڈ چند دنوں میں توڑ ڈالے

تامل ناڈو۔27جولائی(یواین این) رجنی کانت کی فلم ’’کبالی‘‘ نے اپنی ریلیز کے ساتھ ہی پرانے ریکارڈ توڑنے اور نئے ریکارڈ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جن میں 7 ریکارڈز ایسے ہیں جو اس فلم نے چند دنوں میں ہی توڑ ڈالے۔پہلا ریکارڈ: 2016 میں پہلے دن سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی فلم۔کبالی سے پہلے یہ اعزاز سلمان خان کی فلم ’’سلطان‘‘ کے پاس تھا۔ لیکن ’’کبالی‘‘ نے اپنی ریلیز کے پہلے ہی دن 44 کروڑ کمالیے جو ’’سلطان‘‘ کے پہلے دن سے زیادہ اور 2016 میں کسی بھی فلم کے لیے پہلے دن کی سب سے بڑی کمائی ہے۔دوسرا ریکارڈ: بیرونِ ملک سب سے زیادہ بزنس کرنے والی بھارتی فلم۔کبالی کے تامل ایڈیشن نے ہندوستان سے باہر سب سے زیادہ بزنس کرنے والی بھارتی فلم کا تاج بھی اپنے سر پر سجالیا ہے۔ پہلے یہ ریکارڈ ایک کروڑ 3 لاکھ 20 ہزار امریکی ڈالر کے ساتھ ’’دھوم تھری‘‘ کے پاس تھا لیکن کبالی نے 3 دنوں کے اندر اندر یہ ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔تیسرا ریکارڈ: سلمان خان کی ’’سلطان‘‘ کو پیچھے چھوڑ دیا۔کبالی نے سلمان خان کی ’’سلطان‘‘ کو ایک بڑے مارجن کے ساتھ پیچھے چھوڑدیا اور 44 کروڑ روپے پہلے ہی دن کمائے۔ البتہ یہ گزشتہ سال سلمان خان کی ’’پریم رتن دھن پایو‘‘ کا ریکارڈ نہیں توڑ سکی جس نے اپنے پہلے روز 53.03 کروڑ روپے کماکر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔چوتھا ریکارڈ: سب سے زیادہ اسکرینوں پر پیش کی جانے والی بھارتی فلم۔پچھلے سال تک یہ ریکارڈ ’’باہوبلی‘‘ کے پاس تھا لیکن کبالی کی ریلیز بیک وقت 4 ہزار سے زائد سنیما اسکرینوں پر ہوئی جس کے بعد یہ سب سے زیادہ اسکرینوں پر ایک ساتھ پیش کی جانے والی بھارتی فلم بن گئی ہے۔پانچواں ریکارڈ: جنوبی ہندوستان کی ریاستوں میں کامیاب ترین فلم۔’’کبالی‘‘ نے اب تک تامل ناڈو سے 48 کروڑ، نظام/ آندھرا سے 20 کروڑ 25 لاکھ، میسور/ کرناٹک سے 16 کروڑ 50 لاکھ، کیرالا سے ساڑھے 8 کروڑ، جب کہ ہندوستان کے باقی علاقوں سے 16 کروڑ روپے کا بزنس کرلیا ہے۔ ان اعداد و شمار میں کبالی کے تامل اور تیلگو کے علاوہ ہندی ورڑن سے ہونے والی آمدن بھی شامل ہے۔چھٹا ریکارڈ: سب سے زیادہ ایڈوانس بکنگ۔فلم کبالی کی آن لائن ایڈوانس بکنگ جیسے ہی شروع ہوئی تو صرف چنئی ہی میں 20 منٹ کے اندر اندر اس کے 6 ہزار ٹکٹ آن لائن خرید لیے گئے۔ یہ چنائے میں 95 فیصد اسکرینوں پر پیش کی گئی لیکن وہ بھی کم پڑگئیں اور چنئی کے بہت سے شہریوں نے یہ فلم دیکھنے کے لیے قریبی شہروں کا رخ کیا اور زیادہ رقم ادا کرکے ٹکٹ خریدے۔ساتواں ریکارڈ: سب سے زیادہ زبانوں میں ریلیز ہونے والی فلم۔’’کبالی‘‘ ویسے تو تامل زبان میں بنائی گئی تھی لیکن اس کے تیلگو، ہندی اور ملیالم میں ترجمہ کردہ ورڑن بھی پیش کیے گے۔ اس کے علاوہ، رجنی کانت کی یہ فلم چینی، جاپانی، تھائی اور انڈونیشین زبانوں میں بھی ترجمہ کی جارہی ہے۔ اس طرح کبالی وہ فلم بن گئی ہے جو سب سے زیادہ زبانوں میں ترجمہ کرکے پیش کی جارہی ہے۔