ریاست کے 8 اضلاع میں سیلاب کا قہر

پٹنہ 27 جولائی(اسٹاف رپورٹر): ریاست میں مہانندا ،بکھرا ، کنکئی ، پرمار اور کوسی ندیوں میں آئے سیلاب سے ریاست کے 8 اضلاع پورنیہ، کشن گنج، ارریہ ، دربھنگہ،مدھے پورہ ، بھاگلپور ،کٹیہار اور سپول سیلاب سے متاثر ہیں۔ نیپال کے میں زبردست بارش سے شمالی بہار کے کچھ ضلعوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ باگمتی ندی بینی باد میں ، کملا بالان جھنجھار پور، کوسی بلتارا، مہانندا ڈھنگرا گھاٹ میں، جھاوا اور کرسیلا کٹیہار میں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔ سیلاب سے اب تک 8 ضلعوں کے 43 بلاکوں کی 443 پنچایتوں میں 1448 گاؤں کے 17لاکھ سے زیادہ کی آبادی اور 50لاکھ ہیکٹیئر میں لگی فصل متاثر ہوئی ہے۔ سیلاب سے 17 افراد اور دو مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔ سیلاب سے 182 مکانات جزوی طور پر 72 مکانات پورے طور پر تباہ ہوگئے ہیں۔ راحت کاری میں 439 سرکاری دیسی کشتیاں،272 پرائیویٹ کشتیاں لگی ہوئی ہیں۔ تقریباََ 38لاکھ کی آبادی 292 راحت کیمپوں میں 59 میڈیکل ٹیم اور 24 مویشی کیمپ کام کررہے ہیں۔ سیلاب متاثرین کے درمیان 1042.6 کوئنٹل چیوڑا، 71.64 کوئنٹل گڑ ، 3970 پیکٹ ماچس ، 3540 موم بتیاں ، 200 لیٹر کراسن تیل، 8008 پالیتھین شیٹ اور 520 فوڈ پیکٹ تقسیم کئے گئے ہیں۔ سیلاب کے پیش نظر سپول، گوپال گنج، مظفر پور ، دربھنگہ اور دیدار گنج پٹنہ میں این ڈی آر ایف کی ایک ایک ٹیم کو لگایا گیا ہے۔ جبکہ کھگڑیا، سیتا مڑھی، پورنیہ، بھاگلپور ،مدھوبنی ، مدھے پورہ میں ایس ڈی آر ایف کی ایک ایک ٹیم تعینات کی گئی ہیں۔