عازمین حج کیلئے ضروری ٹیکہ ویکسین وغیرہ کا کلیکشن کرکے سبھی اضلاع کو مہیا کرادیا جائے

پٹنہ، 11 جولائی (پریس ریلیز)۔محکمہ اقلیتی فلاح کے وزیر ڈاکٹر عبدالغفور کی صدارت میں بہار ریاستی حج کمیٹی حج بھون پٹنہ کے کانفرنس ہال میں حج 2016 ؁ کی پیشگی تیاریوں کی جائزہ نشست کا انعقاد ہوا۔ نشست میں حج 2016ء ؁کی پیشگی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا جس میں بہار ریاستی حج کمیٹی کے عزت مآب چیرمین الحاج محمد الیاس عرف سونو بابو ، محکمہ اقلیتی فلاح کے پرنسپل سکریٹری عامر سبحانی و بہار کے مختلف محکمہ کے عہدے داران نے حصہ لیا ۔ آج کی نشست میں حج 2016 ؁ء کو بہتر اور کامیاب بنانے کے لئے تبادلہ خیال کیا گیا اور نشست میں موجود افسران کو ضروری ہدایات دی گئیں۔ اس سلسلے میں اکزکیوٹیو انجینئر، پیسو، پٹنہ کو 24گھنٹے بجلی مہیا کرانے کے لئے ایک جونیئر انجینئر اور دیگر عملے کی 24گھنٹے حج بھون میں تعیناتی اور بجلی کے خراب اور جھولتے ہوئے بجلی کے تاروں کو حج آپریشن کے قبل بدلنے کے لئے ضروری ہدایت دی گئی۔ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے ڈائیریکٹر ان چیف کو محکمہ اقلیتی فلاح کے پرنسپل سکریٹری کے ذریعہ ہدایت دی گئی کہ عازمین حج کے لئے ضروری ٹیکہ ویکسین وغیرہ کا کلیکشن کر کے سبھی اضلاع میں مہیا کرا دیا جائے اور مورخہ 20جولائی 2016سے عازمین حج کو ضروری ٹیکہ دلانے کا کام شروع کیا جائے۔ حج آپریشن سے قبل ڈاکٹروں کی ٹیم حج بھون پٹنہ میں تعینات کی جائے۔ خصوصی نشست کی صدارت فرما رہے ڈاکٹر عبدالغفورنے سِول سرجن پٹنہ کو ہدایت دی کہ تعینات کئے گئے ڈاکٹروں کی ٹیم وقت پر موجود رہیں اور اپنے فرائض کی ادائیگی لگاتار کرتے رہیں اس کی ذمہ داری آپ کی ہوگی۔ معزز وزیر موصوف کے ذریعہ یہ بھی ہدایت دی گئی کہ ہارٹ ، شوگر اور دوسرے امراض کی جانچ مشین ڈاکٹروں کی ٹیم کے ساتھ موجود رہے۔ محکمہ اقلیتی فلاح کے پرنسپل سکریٹری کے ذریعہ محکمہ پی ایچ ای ڈی کے افسران کو ہدایت دی گئی کہ حج آپریشن کے درمیان صاف پانی کا دو ٹینکر حج بھون و بس اسٹینڈ میں لگاتار مہیا کرایا جائے۔ اکزکیوٹیو انجینئر، محکمہ تعمیرات عمارت کو ہدایت دی گئی کہ حج آپریش سے قبل حج بھون کی رنگائی پوتائی اور مرمتی کا کام قبل از وقت مکمل کر لیا جائے۔ پٹنہ نگر نگم کے کمشنر کو ہدایت دی گئی کہ حج آپریش کے وقت صاف صفائی کے لئے لگاتار کوڑا کرکٹ اُٹھانے کا ضروری انتظام اور نگر نگم کے ملازم کی تعیناتی بروقت کی جائے۔ پٹنہ ضلع کے اڈیشنل مجسٹریٹ کو ہدایت دی گئی کہ حج آپریشن کے وقت 24گھنٹے بہتر نظم و نسق کے لئے مجسٹریٹ کی تعیناتی حج بھون کے کنٹرول روم میں یقینی بنائی جائے۔ فائر بریگیڈ کے صوبائی افسر کو ہدایت دی گئی کہ حج آپریشن کے درمیان 24گھنٹے فائر بریگیڈ کی گاڑی اور اس کے عملے کی حج بھون میں تعیناتی یقینی بنائی جائے۔ محکمہ پولس کے افسران کو ہدایت دی گئی کہ حج آپریشن کے درمیان بہتر نظم ونسق کو بنائے رکھنے کے لئے ضروری مرد و خوتین پولس اہل کار و افسران کی 24گھنٹے تعیناتی یقینی بنائی جائے۔نشست کے آخر میں بہار ریاستی حج کمیٹی کے چیف ایکزکیو افسر جناب محمد راشد حسین نے نشست میں آئے ہوئے تمام افسران کا شکریہ ادا کیا اور اُمید ظاہر کی کہ حج آپریشن 2016کو کامیاب اور بہتر بنانے میں بہار کے سبھی محکموں کا بھرپور تعاون شامل حال رہیگا ۔اُنہوں نے مزید اس عزم کا اظہار فرمایا کہ تمام محکموں کے باہمی اشتراک اور تعاون سے انشاء اللہ اس سال کا حج آپریشن بہت ہی کامیاب رہیگا۔ مذکورہ اطلاع بہار ریاستی حج کمیٹی کے چیف اکزکیو ٹیو افسر محمد راشد حسین نے دی ہے۔