فرانس میں دہشت گردانہ حملہ،84 ہلاک

پیرس15جولائی؍(ایجنسیاں) فرانس کے ساحلی شہرنیس میں دہشت گردی کا بالکل نیا چہرہ سامنے آیا ہے۔ایک جنونی شخص نے سڑکوں پر جشن منارہے لوگوں پر ٹرک دوڑا دیا۔ جس کے نتیجے میں 84افراد ہلاک اور 150سے زائدزخمی ہو گئے ہیں۔ فرانسیسی حکام نے واقعے کو دہشت گردی قرار دے دیا ہے۔فرانس کے قومی دن کا جشن منانے کے لیے لوگ بڑی تعدادمیں جمع تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ آتش بازی کے مظاہرے کے اختتام کے دوران پیش آیا۔عینی شاہدین کے مطابق ٹرک سے کچلنے والے شخص نے فائرنگ بھی کی جسے پولیس نے جوابی کارروائی میں ہلاک کردیا۔مقامی علاقے میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ گھروں کے اندر رہیں کیونکہ حملہ ہوا ہے۔کچھ اطلاعات کے مطابق پولیس اور ٹرک کے اندر بیٹھے ہوئے افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا لیکن اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔فرانس کے صدر فرانسواولاند نے اسے منفرد نوعیت کا دہشت گردانہ حملہ قرار دیا ہے۔صدارتی آفس کے مطابق واقعے کے بعد صدر فرانسوا اولاند جنوبی شہرایوگنان سے پیرس پہنچ رہے ہیں۔واضح رہے کہ ا س سال جنوری میں پیرس حملوں کے بعد فرانس میں ایمرجنسی نافذ ہے، فرانسیسی صدرنے 26جولائی کو ایمرجنسی اٹھانے کااعلان کیا تھا۔صدر پرنب مکھرجی، وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس سربراہ سونیا گاندھی سمیت ہندوستانی رہنماؤں نے فرانس میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی بچوں سمیت معصوم لوگوں پر کیا گیا یہ حملہ ایک قابل نفریں جرم ہے۔مکھرجی نے فرانس کے صدر فرانسوا اولاندا کو لکھے ایک خط میں نیس میں کل شام ہوئی دہشت گرد انہ کارروائیوں میں لوگوں کی ہلاکت کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ہندوستانیوں کی ہمدردی فرانس کے لوگوں کے ساتھ ہیں اور وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔مودی نے کہا کہ یہ وحشیانہ پر تشدد کارروائیاں پریشان کر دینے والی ہیں اور ہندوستان انتہائی دکھ کی اس گھڑی میں فرانس کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے اور اس کے غم میں شریک ہے۔وزیر اعظم نے ٹوئٹ کیا، میں نیس پر ہوئے خوفناک حملے سے پریشان ہوں۔میں اس طرح کی وحشیانہ کاروائیوں کی سخت مذمت کرتا ہوں۔میری ہمدردی ہلاک ہونے والے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کا خواہش مند ہوں۔انتہائی دکھ کی اس گھڑی میں ہندوستان اپنے فرانسیسی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے اور ان کی پریشانیوں میں شریک ہے۔کانگریس صدر سونیا گاندھی نے کہا کہ نیس میں باستیل ڈے منا رہی بھیڑ پر کیا گیا یہ دہشت گردانہ حملہ امن اور جمہوری اقدار کے تئیں گہری ناراضگی کی عکاسی کرتا ہے۔