مرکز یوپی کو اپنے حصے کی رقم ادا نہیں کررہا ہے:اکھلیش

لکھنؤ 30 جولائی (ایجنسی): اترپردیش کے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے میں مرکزی حکومت کی طرف سے کوئی مدد نہیں مل رہی ہے۔ یہ الزام ریاست کے وزیراعلیٰ اکھلیش سنگھ یادو کا۔ انہوں نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت نے 26 منظور شدہ گورنمنٹ کالجوں کو ابھی تک اپنے حصے کی دوسری قسط جاری نہیں کی ہے۔ جس سے مقررہ مدت کے اندر ریاست میں کالجوں کی تعمیر کاکام پورا کرکے تدریسی کام شروع نہیں ہوپارہا ہے جس کیلئے وزیراعلیٰ نے مرکزی وزیر تعلیم پرکاش جاوڈیکر سے تعاون کی اپیل کی ہے ۔ اب حالات یہ ہوگئے ہیں کہ دوسری قسط کی رقم یوپی سرکار کو نہیں مل پانے کے سبب عمارتوں کی تعمیر ادھوری ہے۔ کئی بار یوپی حکومت کی طرف سے مرکز سے اپنے حصے کا پیسہ مانگا گیا لیکن مرکزی حکومت نے یوپی کو اپنے حصے کی رقم فراہم نہیں کی۔ اب وزیراعلیٰ نے مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل کو خط لکھا ہے جس کی کاپی وزیراعظم دفتر کو بھی بھیجی گئی ہے۔