گجرات میں دلتوں پر مظالم :برنداکرات نے وزیر اعظم کی خاموشی پر سوال اٹھایا

راج کوٹ، 23؍جولائی(آئی این ایس انڈیا ) گجرات کے ایک گاؤں میں دلتوں کی پٹائی کے واقعہ پر خاموش رہنے کے لیے سی پی ایم کی لیڈر برندا کرات نے آج وزیراعظم نریندر مودی کی تنقید کی۔انہوں نے کہا کہ اس سے ظاہر ہو تا ہے کہ اس واقعہ کو انجام دینے والی گؤ رکشا کمیٹیوں کی مجرمانہ سرگرمیوں کو ان کی حمایت حاصل ہے۔کرات اور سی پی ایم کے ممبر پارلیمنٹ پی کے بیجو گر سومناتھ کی اونا تحصیل کے موٹے سمادھیالا گاؤں میں ظلم کے شکار دلتوں اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کرنے یہاں آئے ہوئے ہیں۔مبینہ طورپرایک مردہ گائے کی کھال اتارنے کے ملزم دلتوں نوجوانوں کی بری طرح پٹائی کردی گئی تھی۔11؍جولائی کو پیش آئے اس واقعہ میں مبینہ طور پر گؤ ررکشا کمیٹیوں کا ہاتھ ہے۔واقعہ کے میڈیا میں آنے کے بعد اس پر کافی ہنگامہ ہوا تھا اور گجرات کے دیگر حصوں میں اس کی مخالفت میں دلت کمیونٹی کے لوگوں نے خود کشی کی کوشش بھی کی تھی۔آج صبح راج کوٹ ہوائی اڈے پر پہنچیں کرات نے کہا کہ وہ اس معاملہ پر سیاست نہیں کر رہی ہیں اور ان کے دورے کا مقصد متاثرین کے تئیں حمایت کااظہارکرنا ہے؟ ۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف دلت مخالفت اور غصے میں خود کشی کر رہے ہیں، اس واقعہ پر ملک بھر میں ناراضگی پائی جارہی ہے لیکن وزیر اعظم کی خاموشی بتاتی ہے کہ مبینہ گؤ رکشا کمیٹیوں کی مجرمانہ سرگرمیوں کو ان کی حمایت حاصل ہے۔کرات نے کہاکہ ہم یہاں واقعہ پر سیاست کرنے نہیں آئے بلکہ موٹے سمادھیالا گاؤں کے دلتوں کے تئیں اپنی حمایت کا اظہار کرنے کے لیے آئے ہیں۔گاؤں سے لوٹ کر دونوں لیڈر متاثرین اور ان دلت نوجوانوں سے بھی ملاقات کریں گے جنہوں نے واقعہ کے خلاف احتجاج میں خود کشی کی کوشش کی تھی۔بیجو نے کہا کہ گزشتہ 15سالوں کے بی جے پی کی حکومت میں گجرات میں دلتوں کی حالت مزید بدتر ہو گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم سب کے لیے یہ سنگین تشویش کا موضوع ہے۔