ندیوں میں ابال،سیلاب کا خطرہ بڑھا

پٹنہ 18 جولائی (اسٹاف رپورٹر): بہار اور نیپال میں زبردست بارش کے نتیجے میں مشرقی بہارکوسی اور سیمانچل کی اہم ندیوں میں ابال آگیا ہے۔خاص طور سے گنڈک اور کوسی جیسی ندیوں میں زبردست طغیانی دیکھی جارہی ہے۔ محکمہ آبی وسائل نے ندیوں کی آبی سطح میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے سیلاب کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ دوسری طرف محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ریاست میں زبردست بارش کی پیشگوئی کرکے معاملے کومزید سنگین بنادیا ہے۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار نے ندیوں کی آبی سطح اور پشتوں کی لگاتار نگرانی کا حکم دیا ہے۔بگہا کے بالمیکی نگر واقع نارائنی ندی پورے ابال پر ہے۔ ندی پربنے گنڈک بیراج سے 3لاکھ کیوسک پانی چھوڑے جانے کی وجہ سے گنڈک کے علاقے میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ گنڈک بیراج کے گیٹ نمبر 5 کا آٹو میگنیٹک بریک جل گیا ہے جس کی وجہ سے یہ گیٹ کنٹرول سے باہر ہوگیا ہے اور ندی سے پانی کا بہاؤ لگاتار جاری ہے۔بیراج انتظامیہ کیلئے یہ ایک پریشانی کی بات ہے۔ انجینئر چاہ کر بھی اس گیٹ سے پانی کا بہاؤ روکنے میں ناکام ہیں۔ ادھر کوسی کی سطح میں بھی اضافہ ہونے سے مدھے پور بلاک کے گڑھ گاؤں میں پانی داخل ہوگیا ہے جس سے 300 گھر زیرآب ہوگئے ہیں اور لوگ ہجرت کرنے لگے ہیں۔ بتیا ضلع میں لگاتار ہورہی بارش سے سیلاب کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ گنڈک کے ساحلی دیارہ علاقے کے لوگ ندی کی طغیانی کو دیکھ کر دہشت میں ہیں۔ دوسری طرف پنڈئی ندی میں پانی بڑھنے کے سبب تباہی شروع ہوگئی ہے۔ ادھر شیوہر کے باگمتی ندی کی آبی سطح میں بھی اضافہ ہوا ہے جس سے دیارہ کے فصلوں کو نقصان پہنچا ہے اس کے ساتھ ہی بیلواپشتہ سمیت کئی پشتوں پر پانی کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔ کٹاؤ کے خطرے کو دیکھتے ہوئے باگمتی پروجیکٹ کے انجینئر حفاظتی کام میں جٹے ہوئے ہیں۔ڈی ایم نے سبھی افسران کو الرٹ رہنے کا حکم جاری کیا ہے۔ مدھوبنی ضلع سے گزرنے والی کملا بالان، بھوتہی بالان ندی کی سطح ابھی خطرے کے نشان سے نیچے ہے۔ آبی وسائل کے وزیر راجیو رنجن سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ سیلاب سے نپٹنے کیلئے فل پروف تیاری کرلی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار کی رہائش گاہ پر سوموار کو محکمہ آبی وسائل نے بہار میں سیلاب کی صورتحال پر ایک پرزنٹیشن دیا۔ اس میٹنگ میں سیلاب سے متعلق مختلف پہلوؤں پر غور وخوض کیا گیا اور بہار میں بارش کی صورتحال اور آنے والے دنوں میں بارش کے امکانات اور اس کے اثرات کاجائزہ لیا گیا۔ محکمہ کے پرنسپل سکریٹری نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ اہم ندیوں کے علاوہ 119چھوٹی ندیوں پر بھی عارضی گیج تیار کیا گیا ہے جس سے سبھی پشتوں کی نگرانی ہوسکے۔ وزیراعلیٰ نے ندیوں کی آبی سطح اور پشتوں کی لگاتار نگرانی کا حکم دیا ہے۔ میٹنگ میں دربھنگہ کے کوشیشور استھان پر خاص طور سے غور کیا گیا اور محکمہ کو اس سلسلے میں ضروری کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔