نرسنگھ کی جگہ پروین ریواولمپک میں؟

نئی دہلی،27جولائی (یواین آئی)ہندوستانی پہلوان نرسنگھ یادو کے ڈوپ ٹیسٹ میں پھسنے کے بعد برازیل کے ریو ڈی جینیریو میں پانچ اگست سے ہونے والے اولمپک کھیلوں میں ان کی جگہ پروین رانا کو بھیجا جاسکتا ہے ۔ہندوستانی عملے کو نرسنگھ یادو کے ڈوپ ٹیسٹ میں پھسنے کی وجہ سے بڑا جھٹکا لگا ہے ۔نرسنگھ بدھ کو قومی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (ناڈا)کی نظم و ضبط کمیٹی کے سامنے پیش ہوں گے ۔گزشتہ سال بین الاقوامی مقابلے میں تمغہ جیتنے کے ساتھ اولمپک کوٹا حاصل کرنے والے نرسنگھ کو ہندوستانی اولمپک اسوسی ایشن نے عارضی طور پر معطل کردیا ہے ۔یونائیٹیڈ ورلڈ ریسلنگ (یو ڈبلیو ڈبلیو)نے ایک بیان جاری کرکے کہا،”لاس ویگاس میں 2015کے بین الاقوامی مقابلے میں ملک کو اولمپک کوٹا دلانے والے نرسنگھ یادو کو ہندوستانی اولمپک اسوسی ایشن نے عارضی طور پر معطل کردیا ہے اور ان پر ریو اولمپک کھیلوں میں حصہ لینے پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔”بیان میں کہا گیا ہے کہ یونائیٹیڈ ورلڈ ریسلنگ نے آئی او اے کو گزشتہ ہفتے ہی اس بات کی اطلاع دی تھی کہ نرسنگھ کے ڈوپ ٹیسٹ میں پھسنے کے بعد ان کی جگہ کسی اور پہلوان کو ریو میں بھیجنے کی اجازت دی جانی چاہیے اور اس وزن کے زمرے میں دیگر کوئی بھی پہلوان ہندوستان کی نمائندگی نہ کرے ۔آئی او اے نے یونائیٹیڈ ورلڈ ریسلنگ کو نرسنگھ کی جگہ کسی دیگر پہلوان کو ریو بھیجنے کی اجازت دی تھی۔حالانکہ پروین کاریو جانا تبھی ممکن ہوگا جب نرسنگھ خود کو بے قصور ثابت نہیں کرپائیں گے ۔خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ممنوعہ دوائیں لینے کے الزا م میں نرسنگھ اولمپک سے باہر ہوسکتے ہیں۔تاہم ان کے پاس خود کو بے قصور ثابت کرنے کا آخری موقع ہے جب وہ نظم و ضبط کمیٹی کے سامنے پیش ہوں گے ۔ناڈا کی جانچ میں نرسنگھ کے ”اے ”اور ”بی”دونوں نمونوں میں ممنوعہ مینتھیڈائنون نام کا اسٹیرائڈ پایا گیا تھا۔نرسنگھ نے خود کو بے قصور بتاتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ ان کے کھانے میں کسی نے سازش کے تحت یہ اسٹیرائڈ ملا دیا تھا۔