نکسلی حملے کے شہیدوں کو لوک سبھاکا خراج عقیدت

نئی دہلی، 19؍جولائی(آئی این ایس انڈیا )لوک سبھا نے بہار کے اورنگ آباد ضلع میں پیر کی رات کو نکسلیوں کی طرف سے آئی ای ڈی دھماکہ خیز مواد سے کئے گئے حملے میں شہید ہوئے سی آر پی ایف کے 10جوانوں کو آج خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اعزاز میں چند لمحات کی خاموشی اختیار کی ۔آج صبح ایوان کی کارروائی شروع ہونے پر اسپیکر سمترا مہاجن نے اس نکسلی حملے کی جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ 18؍جولائی 2016کو بہار کے اورنگ آباد ضلع میں نکسلیوں کی طرف سے کئے گئے آئی ای ڈی دھماکہ میں سی آر پی ایف کے 10اہلکار شہید ہو گئے جبکہ پانچ اہلکار زخمی ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ ایوان ان شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی بہار میں نکسلیوں کے آئی ای ڈی دھماکہ حملے میں 10 سی آر پی ایف جوانوں کے مارے جانے پر آج افسوس ظاہر کیا اور شہید اہلکاروں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔پی ایم او نے کہا کہ بہار میں سی آر پی ایف اہلکاروں کی جان جانے پر وزیر اعظم نے افسوس ظاہر کیا ہے۔انہوں نے زخمی جوانوں کے جلد صحت مند ہونے کی خواہش کی۔پی ایم او نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی دکھ کی اس گھڑی میں سی آر پی ایف کے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے بہار میں نکسلی حملے میں سی آر پی ایف کے 10کمانڈو کی ہلاکت کے بعد ماؤنوازوں سے نمٹنے کے لیے ریاستی حکومت کو آج ہر ممکن مدد فراہم کرانے کی یقین دہانی کرائی۔سنگھ نے بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کے ساتھ فون پر بات چیت میں گیا میں نکسلیوں کی طرف سے گھات لگا کر کیے گئے حملے کے بعد پیدا ہوئے حالات کا جائزہ لیا۔وزیر داخلہ نے سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل کے درگا پرساد کو صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے گیا -اورنگ آباد جانے کی ہدایت دی۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلی نے وزیر داخلہ کو سی آر پی ایف کے کوبرا کمانڈو کی ٹیم پر ہوئے حملے میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی معلومات دی۔سنگھ نے شہیدوں کے غم زدہ خاندانوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی جوانوں کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کی ۔حکام نے بتایا کہ بہار کے اورنگ آباد ضلع کے جنگلوں میں نکسلیوں نے آئی ای ڈی دھماکہ کردیا جن میں سی آر پی ایف کی کوبرا بٹالین کے 10کمانڈو شہید ہو گئے اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔کوبرا یونٹ کے جوانوں کو نشانہ بنا کر کیے گئے حملے کے بعد کل دوپہر دونوں گروپوں کے درمیان شروع ہوئے تصادم میں دیر رات 3 نکسلی مارے گئے۔بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے گیا ضلع کے بانکے بازار تھانہ تحت ڈمری نالے کے پاس ماؤنوازوں کے ساتھ تصادم اور سلسلہ وار آئی ای ڈی دھماکے میں کوبرا بٹالین کے 10جوانوں کے مارے جانے کے واقعہ پر گہرے غم کا اظہار کرتے ہوئے آج کہا کہ وہ اس واقعہ سے بہت افسردہ ہیں۔انہوں نے شہید ہوئے سکیورٹی کے خاندانوں کے لئے معاوضے کا اعلان بھی کیا۔وزیر اعلی کے دفتر سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعلی نے بہار حکومت کے مطابق تمام شہید جوانوں کے قریب ترین رشتہ داروں کو ریاستی حکومت کی جانب سے 5-5لاکھ روپے کی گرانٹ فوری طور پر دستیاب کرانے کی بھی ہدایت محکمہ داخلہ کو دی ہے۔اس کے بعد نکسل اضلاع میں عملدرآمد خصوصی منصوبہ بندی کے تحت شہید جوانوں کے اہل خانہ کو 20..20لاکھ روپے کی انشورنس رقم فراہم کی جائے گی۔وزیر اعلی نے چیف سیکرٹری انجنی کمار سنگھ، پولیس ڈائریکٹر جنرل پی کے ٹھاکر اور محکمہ داخلہ کے پرنسپل سکریٹری عامر سبحانی کو گیا جاکر صورتحال کا جائزہ لینے اور تمام ضروری کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔وزیر اعلی کی جانب سے چیف سیکرٹری گیا میں شہید جوانوں کوخراج عقیدت پیش کریں گے۔